مکہ مکرمہ
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے مکہ مکرمہ میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے وفود نے ملاقاتیں کیں۔ وفود نے وزیراعظم آزادکشمیر کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اورتحریک انصاف آزادکشمیر کی حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ کشمیر کمیونٹی نے اوورسیز کو ووٹ کاحق دینے اوربلدیاتی الیکشن کے فیصلوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں آزادکشمیر فلاحی ریاست بنے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے کیلئے جلد قانون سازی کریں گے۔ آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں اوورسیز کا بڑا کردار ہے، اووسیز آزادکشمیر کی معیشت کی بہتری کیلئے زرمبادلہ بھیج کر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائے گی۔ اقتدار کو گراس روٹ لیول پر منتقل کرنے کیلئے بلدیاتی انتخابات کروانے جارہے ہیں۔ میرٹ کی بحالی، کرپشن کے خاتمے اور حقیقی معنوں میں تعمیر وترقی کیلئے اصلاحاتی عمل جاری ہے۔