جدہ / سعودی عر)
وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے مقبوضہ کشمیر میں صحافیوں کر ہراساں کرنے اور میڈیا کی آزادی پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میڈیا کا گلا دبا کر مقبوضہ کشمیر کے بارے میں تلخ حقائق دنیا سے چھپانے میں کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انسانی حقوق کی صورت حال نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ ہندوستان میں بھی تشویشناک ہے۔گزشتہ ہفتے نیویارک میں قائم جینوسائیڈ واچ کا ہندوستانی مسلمانوں کی نسل کشی کے بڑھتے ہوئے واقعات پرجاری کردہ الرٹ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔دو سال قبل جینوسائٹ واچ کشمیر کے حوالے سے بھی ایک گلوبل الرٹ جاری کر چکی ہے۔ انتہاء پسند نریندر مودی کی حکومت انتہاء پسندوں کی سرپرستی کرتی ہے۔عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ ہندوستان کو کشمیریوں اور ہندوستانی اقلیتوں کی نسل کشی سے باز رکھنے کے لے ہنگامی بنیادوں پر قدم اٹھائے۔اقوام متحدہ اپنا خصوصی نمائندہ مقبوضہ کشمیر بھیجے جو صورت حال کا غیر جانبداری کیساتھ جائزہ لیکر اقوام متحدہ کو آگاہ کرے۔ سعودی عرب نے ہر مشکل گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جدہ میں سردار وقاص عنایت کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گے ظہر انے میں جموں کشمیر کمیونٹی اوورسیز کے نمائیدگان اور پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کے سینئر رہنما چوہدری ظہیراور پی ٹی آئی ریاض کے نائب صدر عامر بشیر چوہدری و پارٹی عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی عمائدین نے وزیراعظم کو عمرہ کی ادائیگی اور آزاد کشمیر میں الیکشن میں جیت پر مبارکباد پیش کی۔وزیر مواصلات آزادکشمیر چوہدری اظہر صادق اور پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعظم ظفر محمود خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ دیار غیر میں بسنے والے کشمیریوں نے ہماری معیشت میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ان کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے۔ حکومت سنبھالنے کے بعد ہم نے بہترین پلاننگ کی، انشاء اللہ عوام تک اس کے ثمرات آنا شروع ہو جائیں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم ہمارے دلوں میں رہتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے مظلوم کشمیریوں کی جہدوجہد آزادی ضرور رنگ لائے گی۔ آج بھی اقوام متحدہ کی قراردادیں عملدرآمد کی منتظر ہیں۔ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے حق خودارادیت کا حصول چاہتے ہیں اور اس کیلئے آئے روز قربانیوں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور نریندر مودی مسلمانوں کی نسل کُشی دیکھ کر خوش ہوتے ہیں۔ اپنے ہی شہریوں پر ظلم کرنے والوں کے کی سرپرستی کرتے ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر نے سری نگر میں کشمیر پریس کلب پر فورسز کے قبضے کو آزادی اظہار رائے اور آزاد میڈیا پر حملہ کے مترادف قراردیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی کشمیری پریس محاصرے میں ہے،اس کی آزادیاں چھن چکی ہیں، سینئر صحافی سجاد گل کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کے سینئر رہنما چوہدری ظہیراور پی ٹی آئی ریاض کے نائب صدر عامر بشیر چوہدری و پارٹی عہدیداران نے وزیراعظم کو عمرہ کی ادائیگی اور مختصر عرصے میں بلدیاتی الیکشن، اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے سمیت دیگر اقدامات پر مبارکباد پیش دی۔وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے پاکستان تحریک انصاف سعودی عرب کے عہدیداران و دیگر کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭٭٭٭