پاک آرمی کے تعاون سے وادی نیلم کے سیاحتی مقام کیرن میں 3 روزہ یوتھ سنو فیسٹیول کاانعقاد کیاگیا۔ رنگا رنگ فیسٹیول میں قومی/ ریاستی / مقامی کھیلوں کی سرگرمیوں کادلکش مظاہرہ کیاگیا۔ متعددکھیلوں میں 400 سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا۔نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو خصوصی انعامات سے نوازاگیا۔تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمن جبکہ صدارت پاک آرمی کے کمانڈنگ آفیسر نے کی۔تقریب میں یوتھ آرگنائزنگ کمیٹی، کرکٹ اکیڈمی نیلم، گیسٹ ہاؤسسز / ہوٹل ایسوسی ایشن کے علاوہ سول سوسائٹی / ضلعی آفیسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر محمد شوکت خان یوسفزئی،سابق ٹیسٹ کرکٹرلاہور قلندر کے باولنگ کوچ ریاض آفریدی،ایس پی ساجد عمران نے بطور خاص شرکت کی۔تقریب سے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعودالرحمن، کمانڈنگ آفیسر دودھنیال،ریاض آفریدی،تحریک انصاف کے رکن وگیسٹ ہاؤسسز/ ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر راجہ افتخار،یوتھ رہنماظہیر اعوان ودیگر نے خطاب کیا۔ کمشنر مظفرآباد مسعودالرحمن نے فیسٹیول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیلم کی عوام نے پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن عزیز کی سلامتی کیلئے دشمن کا مقابلہ کیا ہے۔ دشمن جتنی مرضی کوشش کر لے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتا۔ ونٹر ٹورازم کے فروغ کیلئے پاک فوج اور انتظامیہ کی کوششوں سے مثبت نتائج نکلیں گے۔ سیاحو ں کے ساتھ مہمانوں جیسا سلوک نیلم کی روایات میں شامل ہیں نیلم کی عوام پورے ملک سے سیاحوں کو ہر موسم میں خوش آمدید کہتے ہیں۔سیاحت کے فروغ سے نیلم ماضی کے محرومیوں سے نکل کر ترقی کی راہ پر گامزن ہورہا ہے۔ وفاقی حکومت نے نیلم کی ترقی کیلئے میگا پراجیکٹ کی منظوری دیدی ہے۔ شونٹھڑ ٹنل سے نیلم کی سیاحتی صنعت میں انقلاب آئے گا۔ شدید سردی اور برفباری کے دوران نیلم میں سیاحتی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان کے سیاحوں کومثبت پیغام جائے گا۔ وطن عزیز کے دفاع اور نیلم کی سلامتی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کوخراج عقیدت14ہزار فٹ بلندی پرسرحدی حفاظت کے لیے کھڑی افواج پاکستان کوسلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کی انتظامیہ سخت موسمی حالات کے دوران شہریوں کو تمام بنیادی اور سفری سہولیات کی فراہمی کویقینی بنا رہی ہے۔مری کا دیگر علاقوں کیساتھ موازنہ درست نہیں، مری ہمارا پہلا اور نیلم (کیرن)دوسرا گھر ہے پاکستان کے ہر دوسرے علاقے کی طرح مری کی خوشحالی ہمارے لئے عزیز ہے۔قدرتی آفات اور حادثات پر ہمارا کوئی اختیار نہیں یہ کسی بھی وقت کہیں بھی رونما ہو سکتے ہیں۔ نیلم کی سخت موسمی حالات کومد نظر رکھتے ہوئے ہمیں حادثات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ لینڈ سلائیڈنگ کی روک تھام کیلئے منصوبے لارہے ہیں تاکہ سیاحوں سمیت شہریوں کو حادثات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے مشکل ترین حالات میں نیلم کی عوام کے شانہ بشانہ نیلم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا۔ سخت سردی اور برفباری کے دوران وطن عزیز کی سلامتی کیلئے بلند پہاڑیوں کی چوٹیوں پر موجود فوجی جوانوں کوسلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کی عوام نے کئی دہائیوں تک بھارتی جارحیت اور شدید موسمی حالات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور نقل مکانی نہیں کی۔ پاک آرمی کے تعاون سے لگائے جانیوالے یوتھ سنو فیسٹیول میں مختلف گیمز میں فٹ بال، سنو ہائیکنگ، رسہ کشی، والی بال، بیڈمنٹن اور کرکٹ کی ٹیموں نے قومی جذبہ کیساتھ کھیلوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر مظفرآباد، کمانڈنگ آفیسردودھنیال، ڈپٹی کمشنر نیلم محمد شوکت خان یوسفزئی، ایس پی ساجد عمران سمیت دیگر آفیسران نے کھلاڑیوں کے دستوں اور قومی ثقافتی سٹالز کامعائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالے نوجوانوں کو شیلڈ اور نقد انعامات سے بھی نوازا گیاہے۔