صدر ریاست آزادجموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے ماضی میں ہر حکومت نے میرپور میں کرپشن کا بازار گرم کر کے اپنی تجوریاں بھریں لیکن اب ایسا نہیں ہو گا میرپور کو مزید کرپٹ مافیا کے سپرد نہیں کر سکتے۔ اب میرپور سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے کرپٹ عناصر کا بے رحم احتساب کیا جائے گا۔بھارت نے گذشتہ 75 سالوں سے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرپراپنا جابرانہ اورظالمانہ قبضہ کیاہواہے۔ پانچ اگست 2019 کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370اور 35A میں ترمیم کرکے ریاست جموں وکشمیرکی خصوصی حیثیت کوختم کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے کیے ہیں۔ اب وہ مسئلہ کشمیرکو سرے سے ختم کرنے کے لیے 42 لاکھ بھارتی لوگوں کوجعلی ریاستی ڈومیسائل جاری کرچکاہے اسی طرح ریاستی اقتصادی صورتحال ختم کرنے کے لیے 4 ہزار سے زائدغیرملکی افراد کومقبوضہ ریاست جموں وکشمیر میں جگہ خریدنے کی کارروائی شروع کررکھی ہے۔ بھارتی حکمرانوں کی طرف سے ناپاک عزائم کے خاتمے کے لیے ہماری ذمہ داریاں اور بڑھ گئی ہیں۔ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرکی بگڑتی ہوئی صورتحال کوبھانپتے ہوئے آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کی حیثیت سے کامیاب کشمیرکانفرنس منعقد کی جس میں آزادکشمیرکی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور قیادت نے شرکت کی۔ 24 فروری کواسلام آباد پریس کلب سے ڈی چوک تک کشمیرریلی نکالی جائے گی جبکہ یواین او کے جنرل کونسل کے اجلاس کے دوران نیویارک میں آزادکشمیرکی ساری سیاسی قیادت اپنے تمام سیاسی انتخابی اور جماعتی اختلافات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے مظاہرے کریں گے۔ کشمیرکانفرنس میں کیے گئے فیصلہ جات کی روشنی میں لندن،یورپی یونین،برسلز سمیت دیگرممالک میں کشمیرکانفرنسزمنعقد کی جائیں گی۔میڈیااس وقت دنیاکاطاقت ور ہتھیارہے، ریاستی میڈیامقبوضہ کشمیرکے بھائیوں کی آواز دنیابھرمیں بلند کرے اور تحقیقاتی صحافت کے فروغ کویقینی بنائے۔ آزادکشمیرکے صحافیوں کی فلاح وبہبود کے لیے پریس فاؤنڈیشن کاقیام میں نے عمل میں لایاتھااب اس ادارے کومزیدمضبوط ومستحکم بنائیں گے۔ ریاستی میڈیاکی ترقی کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ اہلیان میرپورکی پاکستان کی معاشی واقتصادی ترقی کے لیے بڑی قربانیاں ہیں، متاثرین منگلاڈیم کے اضافی کنبہ جات کی آبادکاری کویقینی بنایاجارہاہے۔ رٹھوعہ ہریام پل کی تعمیرپرجلد کام شروع ہوجائے گا۔میرپور اس وقت کرپشن کاگڑھ بن چکاہے۔ میرپور کو کرپشن کاگڑھ کسی صورت نہیں بننے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چنار پریس کلب اسلام گڑھ کی تقریب حلف برداری سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت برطانوی لارڈ میئر لیڈز کونسلر اصغر خان قریشی نے کی جبکہ تقریب سے برٹش ایم پی راجہ محمد یاسین،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال خان، ڈی جی ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی، سابق امیدواران محمد نذیر انقلابی، چوہدری عظیم بخش،سائیں ذوالفقار،چوہدری خلیق الزمان، کرنل(ر) معروف خان، چوہدری جاوید اقبال، چوہدری محمد عارف،آزاد جموں و کشمیر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس کے مرکزی صدر ظفیر بابا،صدر پریس کلب چوہدری امجد،سی یو جے کے ضلعی صدر راجہ الیاس،سرپرست اعلی عبدالرزاق نیازی اور سابق صدر عرفان صادق نے خطاب کیاجبکہ نظامت کے فرائض صحافی چوہدری جاوید اختر اور کاشف اکبر نے سرانجام دئیے۔قبل ازیں صدر آزاد کشمیر نے نومنتخب عہدیداران چنار پریس کلب اسلام گڑھ سے حلف لیا اور نئی اور پرانی باڈی کو مبارک باد دی اور ان سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں بھرپور کردار کی توقع کی۔لارڈز میئر اصغر خان قریشی اور ممبر برٹش پارلیمنٹ راجہ محمد یاسین نے صدر آزاد کشمیر کی مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی خدمات کو سراہا۔صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاکہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے آزادکشمیرمیں قانون سازی کریں گے اور پریس فاؤنڈیشن کومضبوط بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرپورکے لوگوں نے ہرفورم پرقربانی دی۔ میرپور کوکرپشن سے پاک کرنے کے لیے اپنابھرپورکرداراداکروں گا۔ میرپور کے لوگوں کے ساتھ زیادتیاں اور لوٹنے کی کسی کواجازت نہیں دونگا۔ انہوں نے کہاکہ منگلاڈیم کی تعمیرکے لیے ہمارے آباؤاجداد نے اپنی قبروں کی قربانیاں دیں۔ اہلیان میرپور بالخصوص اوورسیزکشمیریوں نے جہاں بین الاقوامی سطح پرمسئلہ کشمیرکوزندہ رکھاوہاں کثیرذر مبادلہ بھیج کرریاست کی معیشت میں بھی بڑااہم کرداراداکررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ بین الاقوامی سطح پرہونے والے کشمیرملین مارچ سے بھارت کامکروہ چہرہ اورسیکولرازم کاپول دنیامیں کھل گیاہے۔ بھارت کے اندر سے مودی کے خلاف آوازیں بلند ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ مسلمان طالبہ مسکان نے اللہ اکبرکانعرہ بلند کرکے دنیا کوبتایاہے کہ بھارت کس طرح انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہاہے۔ انھوں نے کہاکہ بہت جلد ایک او رکشمیرکانفرنس منعقد کریں گے جس میں آزادکشمیرکی سیاسی جماعتوں، حریت قیادت،اوورسیز کشمیری قیادت کومدعوکیاجائے گا۔ صدرآزادکشمیرنے کہاکہ میں آزادکشمیراورپاکستان کاواحد لیڈرہوں جس نے برطانوی پارلیمنٹ کے 42 اراکین کے سامنے مسئلہ کشمیرپربریفنگ دی اور آل پارٹیز کشمیر کمیٹی کے فورم پربھی مسئلہ کشمیراٹھایا۔ اس طرح یواین اے کی جنرل کونسل میں جاکربھی کشمیریوں کی نمائندگی کی۔ صدرآزادکشمیرنے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیرمیں ظلم وجبرکی انتہاکردی ہے۔ خواتین کی عصمت دری کی جارہی ہے۔بے گناہ افراد کوشہید کیاجارہاہے۔ مقبوضہ کشمیر کوبھارت سے آزادی دلانے کے لیے ریاست جموں وکشمیرکی تمام جماعتوں،حریت قیادت اور کشمیریوں کوبھارت کے خلاف موثرتحریک شروع کرناہوگی تاکہ بھارت کے زیرقبضہ ریاست جموں وکشمیر کو آزادی دلائی جاسکے۔
٭٭٭٭٭
میرپور( )14 فروری2022ء
صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر سمیت آزاد کشمیر میں بھی بے روزگاری کا مسئلہ سب سے بڑا ہے۔جس کے لئے معاشی و اقتصادی ترقی نہایت ہی ضروری ہے۔وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت عام اور غریب لوگوں کو روزگار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے آزاد کشمیر میں قائم میرپور انڈسٹریز اسٹیٹ کو سی پیک کا حصہ بنائیں گے اور سیالکوٹ کی طرز پر یہاں بڑے صنعتی یونٹ نصب کروائیں گے۔ آزاد کشمیر میں سمال انڈسٹریز اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے تحت کم آمدن والے افراداور گھریلو صنعتوں کے لئے بلا سود قرضے فراہم کرنا احسن اقدام ہے جس میں خواتین اور مرد حضرات برابری کی بنیاد پر مستفید ہو رہے ہیں اس میں معذور افراد کا بھی کوٹہ رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حکومت آزاد کشمیر خود روزگارسکیم کی طرف سے سمال انڈسٹریز/اخوت اسلامک مائیکرو فنانس کے تحت بلا سود قرضہ جات کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے مشیر صنعت و حرفت، سمال انڈسٹریز چوہدری مقبول احمد،سیکرٹری انڈسٹریز ظہور الحسن گیلانی،اخوت اسلامک کے چیف ایگزیکٹیوڈاکٹر کامران شمس،ایم ڈی شمال انڈسٹری قاضی عنایت علی،،ڈائریکٹر انڈسٹریز خالق عباسی نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر ممبر اسمبلی چوہدری یاسر سلطان، سیکرٹری صدارتی امورسید آصف حسین شاہ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹرعمر اعظم خان، ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔صدر ازاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہینڈی کرافٹس، ٹورازم، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔سمال انڈسٹریز اور اخوت اسلامک مائیکرو فنانس اپنا دائرہ کار مزید بڑھائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرکے باعزت اپنا روز گارخوداری کے ساتھ کما سکیں۔انہوں نے اخوت پروگرام کی کامیابی میں حکومت آزاد کشمیر کی طرف سے معاونت کرنے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر ریاستی معیشت کو مضبوط و مستحکم بنانے اور آزاد کشمیر میں معاشی واقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے تحت ایسے اقدامات اٹھائے گئی جس سے یہاں معاشی واقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جس سے بے روزگاری کو کم کیا جاسکے۔ اس پروگرام کی کامیابی کے ثمرات گراس روٹ لیول تک پہنچنے چاہیں۔انہوں نے کہاکہ میں نے سابقہ دور میں بطور وزیر اعظم میرپورمیں 500 یونٹ پر مشتمل انڈسٹری اسٹیٹ قائم کیں اور خطہ کے لوگوں کو روزگار کی سہولیات میسر کیں تاہم پھر آہستہ آہستہ یہاں نصب صنعتی یونٹ کم ہوتے گے۔اب پھر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق میرپور انڈسٹریز زون کو سی پیک کا حصہ بنائیں گے اور بیرون ممالک سے سرمایہ کاروں کو یہاں سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کریں گے۔بعد ازاں صدر ریاست ازاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنی مدد آپ کے تحت بنائے جانے والے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کا دورہ کیا۔قبل ازیں جب صدر آزاد کشمیر بنگڑیلہ پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا۔صدر گرامی نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات دیکھے اور انہیں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے خطاب میں کہاکہ حکومت آزاد کشمیر کی ترجیحات میں ایجوکیشن اور ہیلتھ سر فہرست ہیں۔میرپور ڈی ایچ کیو ہسپتال کے فیز ون کے تحت ایک عمارت مکمل ہوچکی ہے جبکہ فیز سیکنڈ میں ایک اور نئی جدید نوعیت کی بلڈنگ سمیت میڈیکل کے متعلق تمام ہیلتھ ایکوپمنٹ بھی مہیا کررہے ہیں تاکہ یہاں کے لوگوں کو اسلام آباد یا دیگر شہروں میں علاج معالجہ کے لئے نہ جانا پڑے۔ انہوں نے کمیونٹی ہسپتال کے لئے 22 کنال کا رقبہ فری آف کاسٹ دینے،ہسپتال کی تعمیر،برطانوی کمیونٹی کے تعاون سے مفت علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کو سراہتے ہوئے حکومت پاکستان کے صحت سہولت کارڈ کی بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال میں سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی اس عوامی اور فلاحی منصوبہ کی کامیابی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر سابق چیف جسٹس آزاد کشمیر جسٹس(ر) خان اعظم خان اور محمد ندیم نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کے بانی چوہدری مہربان حسین،ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی ایچ اے چوہدری محمد منشاء نقشبندی،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر اعظم خان، چیئرمین چوہدری طارق،سابق ممبر اسمبلی کرنل(ر) معروف خان،ڈاکٹر راجہ سنکدر اقبال،سابق ڈائریکٹر اطلاعات چوہدری محمد رشید کے علاوہ دیگر افراد بھی موجود تھے۔
٭٭٭٭٭