آزادجموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین کی ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں تفصیلی ملاقات۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ برطانیہ میں ہمارے ممبران پارلیمنٹ اور ہاؤس آف لارڈز کے ممبرز مسئلہ کشمیر کو برطانیہ اور انٹرنیشنل فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردا ادا کر رہے ہیں لیکن مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کے پیش نظر ہمیں مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اس میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ میں نے 26اکتوبر کو لندن میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ کو بریفنگ دی تھی اور اس میں طے ہوا تھا کہ ممبران پارلیمنٹ کشمیری عوام کا موقف برطانوی حکومت اور برطانوی وزیر خارجہ تک پہنچائیں گے۔ اس موقع پر لارڈ قربان حسین نے صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
٭٭٭٭٭

نیوز2:
اسلام آباد ( ) 23 فروری 2022
آج بروز جمعرات24 فروری کو دن 11:00 بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے 30جنوری کو آزادی کے بیس کیمپ کے سیاسی قائدین کی ایک آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں بلائی تھی۔ جس میں مسئلہ کشمیر کو اندرون اور بیرون ملک جارہانہ انداز میں اٹھانے کے لیے اہم فیصلہ جات کیے گئے تھے۔ اس آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں پہلے مرحلے میں آج بروز جمعرات24 فروری کو دن 11:00 بجے اسلام آباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی منعقد کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ریلی میں شرکت کے لیے آزاد کشمیر بھر سے قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو چکے ہیں جو صبح 11بجے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اکٹھے ہوں گے۔ اس کشمیر ریلی میں آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ تمام مکتبِ فکر کے لوگ بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔ ریلی کے انعقاد کے سلسلے میں تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اس کی تیاریوں کے سلسلے میں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں جمعیت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے زیر اہتمام آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے علماء کے ایک وفد نے بھی صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کر کے ریلی میں شرکت کے حوالے سے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔ جبکہ کے بعد ازاں صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آل پارٹیز کشمیر کو آرڈنیشن کمیٹی کے اراکین نے بھی ملاقات کی اس موقع پر اجلاس میں ریلی کے حوالے سے قواعد و ضوابط اور ضابطہ اخلاق پر اہم فیصلے کیے گئے۔ جس کے مطابق ریلی میں صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا ہو گا اور کسی بھی ذاتی نعرے پر مشتمل کوئی بھی پوسٹر، بینریا پلے کارڈ نہیں ہو گا۔ بعد ازاں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اسلام آباد کے نواح میں بہارہ کہو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24 فروری کو منعقد ہونے والی کشمیر ریلی ایک تاریخی اہمیت کی حامل ہو گی لہذا میں آپ لوگوں سے بھرپور اپیل کروں گا کہ آپ اس ریلی میں شرکت کر کے مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور ثابت کر دیں کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ آزادی کی بیس کیمپ کا بچہ بچہ ان کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہے۔ لہذا آپ لوگ اس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اس موقع پر تقریب سے جاوید چوہدری، راجہ شیراز کیانی، راجہ عامر نواز، نسیم نون اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
٭٭٭٭٭

نیوز3:
اسلام آباد ( ) 23 فروری 2022
آزادجموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتساب کے عمل کو تیز تر کیا جائے گا اور کرپشن کے زہر کو جڑ سے اکھاڑ کر اس کا مکمل خاتمہ کریں گے۔ آزاد کشمیر میں احتساب ایکٹ میں نے اپنے دور میں بطور وزیراعظم بنوایا تھا درمیان میں کچھ وجوہات کی بنا پر احتساب کا سلسلہ رک گیا لیکن اب اسے تیز تر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں میں آزاد کشمیر کی حکومت اور تمام محکموں سے کہوں گا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے کرپشن کے کیسز کو احتساب بیورو تک پہنچائیں۔ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ جب سے ہماری حکومت وجود میں آئی ہے کرپشن کا کوئی بھی کیس احتساب بیورو کو نہیں بھیجا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں چیئرمین احتساب بیورو سردار نعیم شیراز کی طرف سے احتساب بیورو کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2021 صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پیش کرنے کے بعد احتساب بیورو کی جانب سے ایک بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر احتساب بیورو نے صدر ریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو بتایا کہ احتساب بیورو نے تقریباً پونے 2کروڑ کے لگ بھگ ریکوری کی ہے، اسی طرح ناجائز قبضے بھی واگزار کرائے ہیں اور بعض بڑے سکینڈلز پر بھی کام کر رہے ہیں۔ جس میں دفتر کلکٹر حصول اراضی ہٹیاں بالا، گریٹر واٹر سپلائی سکیم میرپور، ایچ بی ایل سہنسہ سکینڈل، کشمیر کونسل کی جعلی سکیمیں، جعلی پنشن کیس محکمہ حسابات، شاردہ پل کی تعمیر، ری کنڈیشننگ آف کالا ڈب تا پیر گلی روڈ کے کیسز شامل ہیں جن پر انکوائریز کروائی جا رہی ہیں۔ ان میں کچھ پراجیکٹ مکمل جبکہ کچھ پر تحقیقات جاری ہیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ احتسابی عمل کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے بے حد ضرور ی ہے اور یہ احتساب ایکٹ میں نے اپنے دورے حکومت میں بنوایا تھا۔ اگرچہ بعد میں آنے والی حکومتوں نے اس میں ترامیم کیں جس سے احتساب کے دانت کھٹے کرنے کی کوشش کی گئی۔ اب ہم دوبارہ اس احتساب ایکٹ کو اپنی اصل حالت میں لائیں گے تاکہ احتساب کے عمل کو جہاں تیز کیا جا سکے وہاں اسے بہتر انداز میں نافذ بھی کیا جا سکے۔
٭٭٭٭٭