آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے زیر اہتمام 17مارچ کو دارالحکومت مظفرآباد میں ایک بڑی کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ ریلی نئے پریس کلب بینک روڈ سے شروع ہو کر گیلانی چوک سے ہوتی ہوئی برہان وانی چوک تک جائے گی۔ جہاں پر ریلی کے شرکاءسے آل پارٹیز کشمیر کانفرنس کے قائدین خطاب کریں گے۔ اس ریلی میں صرف آزاد کشمیر کا جھنڈا ہو گا اور صرف کشمیر کے حوالے سے بینرز، پلے کارڈز، پینا فلکس اور اسٹیکرز اٹھائے جائیں گے تاکہ آزادی کے بیس کیمپ کے سارے عوام کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ایک بھرپور پیغام اور یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے اور اسی طرح پوری دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم اور مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائی جا سکے تاکہ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں اور بربریت بند کروانے کے حوالے سے دباو¿ ڈالا جا سکے۔ اس بات کا فیصلہ آج یہاں ایوان صدر مظفرآباد میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کی موجودگی میں کیا گیا۔ اس موقع پر اجلاس میں صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے علاوہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان، اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب، بیرسٹر افتخار گیلانی، ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی، میر عتیق الرحمان، سردار تبارک، راجہ ثاقب مجید، راجہ ابرار، ذوالفقار وانی، سید مجاز حسین شاہ، مولانا الطاف سیفی، منظور قادر، اظہر گیلانی ، صدارتی مشیر سردار امتیاز و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پرنٹ، الیکٹرانک و سوشل میڈیا کے ذریعے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنا کام شروع کر دیں۔ آزاد کشمیر کے لوگ بالعموم اور دارالحکومت مظفرآباد کے عوام بالخصوص اس ریلی میں بھرپور انداز میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں تاکہ آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی اور دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر کی طرف مبذول کروا کر ایک بھرپور پیغام دیا جا سکے۔ یہ ریلی 17مارچ بروز جمعرات صبح 10:30 بجے نئے پریس کلب بینک روڈ سے شروع ہو کر گیلانی چوک سے ہوتی ہوئی برہان وانی چوک پر ختم ہوگی جہاں پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین ریلی کے شرکاءسے خطاب کریں گے۔