اسلام آباد: ملک بھر میں یوم پاکستان قومی و ملّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے،دن کاآغازمساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا اور پاک فوج کی طرف سے توپوں کی سلامی دی گئی۔یہ دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔ منٹوپارک کے مقام پرآج گریٹراقبال پارک موجود ہے۔
اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ دن کے آغازپرلاہورکی بادشاہی مسجد سمیت دیگرمساجدمیں نمازفجرکے بعد ملک کی ترقی،خوشحالی،سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں، پاک فوج کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی۔ لاہور کے ایوب سٹیڈیم میں نماز فجر کے بعد توپوں کی سلامی کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی اور اس موقع پر فوجی افسران اور ان کی فیملیز نے شرکت کی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے مسلح افواج کی پریڈ کی اہم تقریب اسلام آباد میں ہوئی، جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، مسلح افواج کے سربراہان اور دیگر اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات اور غیر ملکی مہمان شریک ہوئے۔پریڈ گراؤنڈ میں جے ایف 17طیاروں نے شاندار فلائنگ مارچ کا مظاہرہ کیا۔ آرمی ایوی ایشن کے دستوں نے بھی فلائنگ مارچ پاسٹ کیا۔ آرمڈ کور کے دستوں نے الخالد ٹینکوں کے ساتھ جبکہ فیلڈ آرٹلری رجمنٹ نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔ دو ہزارکلومیٹر مار کرنے والا غوری ، بابر میزائل اور شاہین ٹو بھی پریڈ میں شامل تھے۔ ازبکستان کا دستہ پہلی بار مارچ میں شریک ہوا۔ادھر کراچی میں قائد اعظم جبکہ لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی، جہاں پر ستلج رینجرز کی جگہ پاک فضائیہ کا چاک و چوبند دستہ اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے جس میں مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان ایئر آفیسر کمانڈنگ پی اے ایف ایئرمین اکیڈمی کورنگی کریک نے شرکت کی، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے لاہورمیں مزاراقبال پریڈ کا معائنہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے، مزار اقبال پر گارڈ کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، تقریب میں پاک فضائیہ کے بینڈ کی جانب سے خوبصورت دھنیں بکھیریں، بعدازاں عام شہریوں کو مزاراقبال اور قائد اعظم کی قبور پر حاضری دینے کی اجازت ہو گی۔

پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں بھی یوم پاکستان بھرپورطریقے سے منا رہی ہیں، گرجا گھروں، مندروں اورگوردواروں میں بھی ملکی سلامتی اور امن و امان کے لیے خصوصی دعائیں کی جا رہی ہیں۔