صدرریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں لٹریسی ریٹ پاکستان کے تمام صوبوں سے زیادہ بہتر ہے۔آزادکشمیر میں کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہترکرنے کے لیے ایجوکیشن پیکج لارہے ہیں اس سلسلہ میں حکومت آزادکشمیر نے محکمہ تعلیم کے جملہ مسائل و معاملات کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہوا ہے۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور ریاست بھر میں نہایت ہی تاریخی اہمیت کا حامل ادارہ ہے جس سے آزادکشمیر کے نامور سیاستدان، اعلیٰ عدالتوں کے ججز صاحبان، فوجی آفیسر،بیورو کریسی سمیت دیگر نامور شخصیات فارغ التحصیل ہوئی ہیں۔گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور کو ڈگریاں دینے کی منظوری دیں گے۔تاہم اس کے لیے معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہوگا۔کالج کے کلاس رومز،آڈیٹوریم،فرنیچر،لیبارٹریز اور دیگر مسائل کے حل کے لیے PC-1تیار کریں۔بھارت 05اگست 2019کو ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کر کے مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کوہڑپ کرنا چاہتا ہے۔جس کے لیے وہ ڈیموگرافی بھی تبدیل کر کے کسی سرمایہ دار ہندوکو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتا ہے۔لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ آزادکشمیر کے منتخب صدر اور لیڈر کی حیثیت سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جاکر ڈیڑھ کروڑ کشمیر یوں کے استصواب رائے کی نمائندگی کی۔اس طرح OICکے حالیہ اجلاس میں کشمیر یوں کی نمائندگی کی بلکہ OICکے ہیڈ کوارٹر سعودی عرب میں مجھے آنے کی دعوت بھی دی ہے۔مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے میری کوششیں جاری رہیں گی اور بھارت کو کسی صورت کشمیریوں کے خون پر حق مارنے نہیں دیں گے۔آزادی کے بیس کیمپ کے صدر کی حیثیت سے تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہوں گا اور دنیا بھر میں کشمیریوں کی آوا ز کو بلند کروں گا۔تحریک آزادی کشمیر جلد منطقی انجام تک پہنچے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور کے اضافی تدریسی بلاک اور پلاٹینیم جوبلی تقریبات کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کی صدارت وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کی۔پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری نے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر سردار حفیظ اللہ خان نے سرانجام دیئے۔تقریب سے آزاد کشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شاہد محی الدین، سابق سیکرٹری حکومت محمد اقبال رتیال نے بھی خطاب کیا۔۔قبل ازیں صدر آزاد جموں و کشمیر جب کالج پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر گل پاشی کی گئی۔طلباء و طالبات نے قومی ترانے،ملی نغمے اور دیگر رنگا رنگ پروگرام پیش کیے۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ بھارت کی مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کی داستانیں دنیا بھر میں بے نقاب ہورہی ہیں اور بھارت کے اندر بھی اقلیتوں کے ساتھ جو ناروا سلوک کیا جارہا ہے اس کو بھی دنیا کے سامنے ایکسپوز کر رہے ہیں۔انھوں نے بھارت کے زیر قبضہ ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی جراتوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی 9لاکھ فوج کے مظالم تلے کشمیریوں نے جس جراتمندی اور دلیری سے مقابلہ کیا ہے، طویل جدوجہد کی اور آزادی کے لیے جو خون کی قربانیاں دی ہیں وہ رنگ لار ہی ہیں اور دنیابھر کی توجہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی طرف مبذول ہورہی ہے۔آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی کے ساتھ ساتھ خطہ کی تعمیر و ترقی کے لیے بھی اقدامات اٹھار ہی ہے۔ایجوکیشن،صحت،تعمیر و ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔میرپور میں 500بستروں کے ہسپتال کی نئی عمارت تعمیر کردی ہے جبکہ میرپور میں 500بستروں پر مشتمل ایک اور ہسپتال بنائیں گے اس طرح دیگر محکمہ جات کی ترقی اور سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔صدر آزادکشمیر نے کہاکہ میں آزادکشمیر کا ہی نہیں بلکہ پاکستان بھر میں واحد ممبر اسمبلی ہوں جو میرپور سے 9بار ممبر اسمبلی منتخب ہوا ہوں۔وزیر اعظم آزادکشمیر،اپوزیشن لیڈر اور اب صدر آزادکشمیر بننے کے بعد بھی ریٹائرمنٹ نہیں لونگا بلکہ مقبوضہ ریاست جموں وکشمیر کی آزادی،خطہ کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا سیاسی سفر جاری رکھوں گا۔اہلیان میرپور نے مجھ پر جس طرح غیر متزلزل اور غیر مشروط حمایت کی ہے اس کے باعث میری بھی اولین ذمہ داری ہے کہ میں عوام کے اعتماد پر پورا اتروں اور ان کے لیے جو بھی خدمات ہیں وہ ادا کرتا رہوں۔قبل ازیں صدر آزاد ریاست جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میرپور کے اضافی تدریسی بلاک اور پلاٹینیم جوبلی تقریبات کا افتتاح کیا اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک،پارلیمانی سیکرٹری و ممبر اسمبلی محترمہ صبیحہ صدیق،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن شاہد محی الدین قادری، پرنسپل پروفیسر نذر حسین چوہدری سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔گورنمنٹ کالج کے اضافی تدریسی بلاک کے اس منصوبہ پر 4کروڑ 34 لاکھ 74 ہزار روپے کی لاگت آئی ہے جس میں طلبہ کے لئے کلاس رومز کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔صدر گرامی کو منصوبہ کی تکمیل کے بارے میں ایکسین بلڈنگ شہزادہ اورنگزیب نے بریفنگ دی۔
٭٭٭٭٭