مظفرآباد آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں تحریک انصاف کے امیدوار سردار تنویر الیاس کو بلا مقابلہ قائد ایوان منتخب کر لیا گیا۔ سردار تنویر الیاس نے33ووٹ حاصل کیے۔ جبکہ ان کے مخالف کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔پیر کے روز سپیکر قانون ساز اسمبلی کی زیر صدار ت منعقدہ اجلاس میں سردار تنویر الیاس کو قائد ایوان منتخب کیا گیا۔ وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ کے دوران اسمبلی میں پانچ منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں جس کے بعد ایوان کے دروازے بند کر دیے گئے۔ اس کے بعد ممبران کے نام پکارے گئے اور شمار کنندہ نے ممبران کے نام کے آگے ان کی حاضری لگائی،ممبران حاضری لگانے کے بعد ایوان سے باہر چلے گئے۔ کارروائی مکمل ہونے پر دوبارہ گھنٹیاں بجائی گئیں اور ممبران واپس ایوان میں آ گئے جس کے بعد سپیکر اسمبلی نے قائد ایوان کے انتخاب کے نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق 53ممبران کے ایوان میں 33ممبران حاضر تھے جبکہ 20ممبران غیر حاضر تھے۔ تمام حاضر 33ممبران نے سردار تنویر الیاس کے حق میں ووٹ دیے اس طرح سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ قائد ایوان منتخب ہو گئے۔ اپوزیشن نے انتخابی عمل میں حصہ نہیں لیا۔
٭٭٭٭