اسلام آبادوزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردارتنویرالیاس خان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کی ون ٹو ون ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔دونوں حکمرانوں نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں تعمیر و ترقی اور سیاحت کے پوٹیشنل سمیت دیگر شعبوں میں تعمیر و ترقی کے امکانات زیر بحث لائے گئے۔دریں اثنا وزیر اعظم آزادکشمیر نے ایک نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بھارت 20 ہزار کروڑ کا پیکج دیکر کشمیر پر اپنا ناجائز تسلط برقرار نہیں رکھ سکتا۔2019 میں غیر آئینی اقدام کے تحت کشمیر کا پرنسلی سٹیٹس بدلا گیا۔مقبوضہ کشمیر میں آج بھی عملاً کرفیو نافذ ہے۔کشمیری جیل میں زندہ رہنے پر مجبور ہیں جس پر اقوام عالم کی خاموشی سوالیہ نشان ہے اور جنوبی ایشاء کا امن تہ و بالا کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہندوتوا کے نظریئے کا پرچار کرنے والے اس کے خوفناک نتائج سے بے خبر ہیں۔ اقوام عالم نے مقبوضہ کشمیر کی حساسیت کا نوٹس نہ لیا تو دنیا کی ایک چوتھائی آبادی خطرے سے دوچار ہو جائے گی۔مقبوضہ کشمیر کی 84 فی صد مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے لئے زبردستی ہندوؤں کی آباد کاری کی جارہی ہے۔کشمیری تین نسلوں سے آزادی کے لئے قربانیاں دیتے چلے آرہے ہیں۔مال وزر کی کوئی بھی پیشکش انہیں اپنے پیدائشی حق یعنی حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کر سکتی۔کشمیر کا پاکستان سے رشتہ لازوال اور بے مثال ہے۔کشمیری کے تمام قدرتی راستے اور دریا پاکستان سے ملتے ہیں۔آج بھی ہر کشمیری کی زبان پر ایک ہی نعرہ ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔بھارت جبر کے زور پر کشمیر کو پاکستان کا حصہ بننے سے نہیں روک سکتا۔انہوں نے مزید کہا کہ نریندرا مودی جیسے فاشٹ کا ہندوستان کا وزیراعظم بننا کسی المیے سے کم نہیں ھے۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے شدید خطرہ ہے لیکن اس نے پاکستان کی طرف جارحیت کا کوئی قدم بڑھایا تو دنیا ماضی کی بڑی بڑی جنگوں کو بھول جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مسلح افواج اور لائن آف کنٹرول پر کھڑے جوان بھارت کی کسی بھی ایڈونچر کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے 27 فروری کو بھارتی ہوا بازوں کو جو زخم دیئے وہ رہتی دنیا تک انہیں یاد رہیں گے۔بھارتی پائلٹ ابھینندن کو پلایا جانے والا چائے کا کپ یاد گار رہیگا۔برساتی نالے سے ملنے والے پائلٹ کا فلمی سین بالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم انڈسٹری پر ہمیشہ غالب رہیگا۔
٭٭٭٭٭