سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گرمی کی حالیہ لہر میں عوام الناس سے احتیاطی تدابیراختیار کر نے کی اپیل
سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے گرمی کی حالیہ لہر میں عوام الناس سے احتیاطی تدابیراختیار کر نے کی اپیل کی ہے۔ایس ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایت نامہ کے مطابق عوام الناس دوپہر بارہ بجے سے شام پانچ بجے تک غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ دن کا گرم ترین حصہ سایہ دار اور ٹھنڈی جگہ پر گزاریں۔ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں تاکہ جسم کو ہوا لگتی رہے۔ سورج کی تپش اور دھوپ سے بچیں اور جلد کو جھلسنے سے بچائیں۔ باہر نکلتے وقت بلاگ یا سن اسکرین کریم استعمال کریں۔ پانی کا استعمال بڑھائیں۔ جسم میں نمکیات کی کمی محسوس ہو تو پانی یا شربت میں نمک ملا کر پیئں۔ بچوں کو گاڑی میں تنہا نہ چھوڑیں۔ گرمی کے دوران گاڑی کے اندر کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھاتا ہے۔ موٹر سائیکل استعمال کرنے والے افراد ہیلمٹ یا کیپ کا استعمال لازمی کریں۔ باہر نکلتے وقت ایک پانی کی بوتل اور ایک گیلا کپڑا اپنے ساتھ لازمی رکھیں۔ ورزش صبح سویرے یا مغرب کے بعد کریں۔ کیونکہ ورزش سے بے جا پسینہ آتا ہے اور بے جا پسینہ جسم میں پانی کی کمی کی وجہ بن سکتا ہے۔ ضیعف،بچے بیمار،سانس اور دل کے مریض گرمی میں زیادہ جلدی متاثر ہوتے ہیں اس لیے ان کا خاص خیال رکھیں۔ خوراک کا خیال کریں اور جسم کے درجہ حرارت کو کم کرنے کے لیے بھیگے ہوئے تولیے سے جسم کو رگڑیں۔ کسان فصلوں کے لیے پانی کا مناسب انتظام کر لیں۔