آزادکشمیر میں سٹیزن پورٹل قائم کردیا گیا،وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان جلد پورٹل کا افتتاح کریں گے، وزیراعظم پورٹل کے ذریعے صارفین کی شکایات کو براہ راست وزیراعظم آفس تک پہنچائی جاسکیں گی، یہ ایک یوزر فرینڈلی پورٹل ہوگا جس کے ذریعے براہ راست وزیراعظم تک رسائی ممکن ہوگی۔ پورٹل ویب بیسڈ اور ایپلی کیشن دونوں آپشن موجود ہوں گے۔ انڈرائیڈ فون سے ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کر کے شکایت کی جاسکے گی۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے متعلقہ محکمہ جات کو بھی شکایات کی جاسکتی ہیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے آئی ٹی چوہدری محمد اقبال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ وزیراعظم کواس حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم سیکرٹریٹ کی آئی ٹی ٹیم بھی موجود تھی۔ یہ سٹیزن پورٹل فری آف کاسٹ تیار کیا گیا ہے اس پر آزاد حکومت کے کوئی اخراجات نہیں آئے۔ پورٹل اختتامی مراحل میں ہے جلد وزیر اعظم آزاد جموں کشمیر اس کا افتتاح کریں گے۔ اس پورٹل سے دور افتادہ علاقوں سے مظفرآباد اور اسلام آباد آ کر شکایات جمع کروانے والوں کیلئے آسانی ہو گی اور وہ گھر بیٹھے ویب سائٹ اور ایپلیکیشن کے ذریعے اپنی شکایات متعلقہ ذمہ داران تک پہنچا سکیں گے۔ پورٹل میں شکایات کو سننے اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے ٹائم فریم کا تعین کیا گیا ہے جس کی مانیٹرنگ کیلئے باقاعدہ نظام وزیراعظم آفس میں قائم کیا جائے گا تاکہ شکایات کا عملا ازالہ ہو اور عوام کو ریلیف مل سکے۔ ماضی میں وزیراعظم پاکستان شکایات پورٹل پر فیک شکایات کے پیش نظر وزیراعظم آزادکشمیر کے اس پورٹل میں رجسٹریشن کا آپشن رکھا گیا ہے تاکہ فیک شکایات کا تدارک ہو اور جائز شکایات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔ شکایات صرف رجسٹرڈ موبائل نمبر اور آئی ڈی کارڈ سے ممکن ہو سکیں گی۔
٭٭٭٭
![](https://vokfm.com.pk/wp-content/uploads/2022/05/IMG-20220514-WA0149.jpg)