وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے نو تعمیر شدہ سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کی عمارت کا افتتاح کر دیا۔وزیراعظم نے نیوتعمیر شدہ پریس کلب کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہیں عمارت کے حوالہ پی پی ایچ حکام اور کنٹریکٹر کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔ افتتاحی تقریب میں اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر، وزراء حکومت خواجہ فاروق احمد، دیوان علی خان چغتائی، عبدالماجد خان، چوہدری محمد اکبرابراہیم، معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات‘ سمال انڈسٹریز کارپوریشن و ماحولیات چوہدری محمد رفیق نیئر، مشیر برائے اوقاف حافظ حامد رضا،چیئرمین وزیراعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن راجہ منصور خان، سیکرٹری اطلاعات محترمہ مدحت شہزاد، سیکرٹری پی پی ایچ غلام بشیر مغل، ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، چیئرمین ایم ڈی اے سید اظہر گیلانی، معاون وزیراعظم راجہ سبیل سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں، وکلاء، تاجران سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب آمد پر وزیراعظم کاصدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ اور پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے پرتپاک کااستقبال کیا گیا۔ صدرسینٹر ل پریس کلب سید آفاق حسین شا ہ نے سپاسنامہ پیش کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے مظفرآباد میں جنرنلز م اکیڈمی بنانے، سینٹرل پریس کلب مظفرآباد کیلئے20لاکھ روپے،25موٹرسائیکلوں، 30ایل سی ڈیز، ریاست بھر کے صحافیوں اور پولیس کے بچوں کیلئے اس سال بیس 20سکالرشپس، جنرنلسٹس کالونی مظفرآباد کیلئے ابتدائی طور پر 02کروڑر وپے جبکہ اخبار فروشوں /ہاکروں کیلئے50لاکھ روپے امداددینے کا اعلان کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ ریاست کی ترقی کیلئے میڈیا ہمارا دست و بازو بنے، قلم کی بڑی حرمت اور صحافی کا بڑا رتبہ ہے، میڈیا کو مسائل کا شکار نہیں ہونگے دینگے، میڈیا تنقید کرے،صحافتی اقدار کو بھی ملحوظ خاطر رکھا جائے، مثبت تنقیداصلاح کیلئے ضروری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں میڈیا پر پابندیاں ہیں، وہاں صحافیوں کو قابض فورسز کی جانب سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔ یاسین ملک ہم میں سے ہیں، پوری پاکستانی و کشمیری قوم انکے ساتھ کھڑی ہے، انکا مقدمہ پوری دنیا میں لیکر جائیں گے، حکومت کی رٹ چیلنج کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دینگے۔ حکومت اپنی رٹ بحال رکھے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ میڈیا کی ترقی کیلئے حکومت آزادکشمیر مظفرآباد میں جنرنلزم اکیڈمی بنائیگی جس کا نصاب حکومت کے تین وزیر،پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے دو ممبران اسمبلی اور تین سینئر بیوروکریٹس ملکر بنائیں گے، جنرنلزم اکیڈمی میں پاکستان کے مایہ ناز صحافیوں کو یہاں لیکر آئیں تاکہ ہمارے بچوں کو سیکھنے کا موقع ملے اور وہ ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان نے ہندوتوا سوچ کو بڑھانے کیلئے ممتاز حریت رہنمایاسین ملک کو غیر منصفانہ سزا سنائی، یاسین ملک کی بچی نے آٹھ سال سے اپنے والد کو نہیں دیکھا۔ کشمیر کے معاملے پر سب کو ایک ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمارا اسلاف نے اس ملک کے قیام کیلئے قربانیاں دیں، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والی آنکھ نکال دیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ پریس کلب کی انتظامیہ کو نئی بلڈنگ میسرآنے پر مبارکباد دیتا ہوں، حکومت پریس کلب میں فرنیچر ودیگر ضروریات کو پورا کریگی، ادارے کیلئے کوڈ آف کنڈکٹ بنایا جائے۔ صحافت میں خبریت کا عنصر ہونا ضروری ہے۔ٍ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب کی تاریخ ہے، یہاں کے میڈیا کی پوری دنیا میں کوریج آتی ہے، سینٹرل پریس کلب آزادکشمیر کے دارلحکومت کا چہرہ ہے۔ وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب نے ہمیشہ سیاسی کارکنوں کا خیال رکھا اور انہیں پناہ دی ہے، آزادکشمیرمیں بہترین سیاسی رواداری ہے، حکومت میڈیا کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ خوبصورت بلڈنگ پر پریس کلب انتظامیہ کو مبارکباددیتا ہوں۔ وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ سینٹرل پریس کلب پوری ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ پریس کلب ہے۔ میڈیا نے ہمارے بجٹ کٹ کے معاملے کو بہترین کوریج دی جس پر انکا شکرگزار ہوں۔ وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے میڈیا کی ترقی کیلئے پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ میں اضافہ اور اشتہارات کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ حکومت آپ کے ساتھ ہے، اچھے کام کی تعریف کریں اور جہاں کہیں کمی کوتاہی ہو تنقید کریں۔ انہوں نے کہاکہ زکوٰۃ کی رقم 3ہزار سالانہ سے بڑھا کر3ہزار ماہانہ کرنے اور جہیز فنڈ12ہزار سے 75ہزارکرنے پروزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات چوہدری محمدرفیق نیئر نے کہاکہ حکومت آزادکشمیر نے پہلی مرتبہ پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ میں اتنا بڑا اضافہ کیا تاکہ صحافیوں کی فلاح و بہبود ہو، پریس فاؤنڈیشن کی گرانٹ 5کروڑ، وفات پاجانے والے صحافیوں کے ورثا اور صحافیوں کی فلاح بہبود کیلئے2کروڑ جبکہ اشتہار ات کیلئے20کروڑ فنڈ رکھے گئے ہیں۔ وزیر شہری دفاع و ایس ڈی ایم اے چوہدری محمد اکبر ابراہیم نے کہاکہ اقتدار عوام کی خدمت کا وقت ہوتا ہے، سینٹرل پریس کلب ریاست جموں وکشمیر کا نمائندہ پریس کلب ہے۔انہوں نے کہاکہ سینئر صحافی عمران ریاض کے خلاف پنجاب پولیس کی کارروائی زیادتی ہے حکومتوں کو ایسے اقدامات سے پرہیز کرنا چاہیے۔ صدر سینٹرل پریس کلب سید آفاق حسین شاہ نے افتتاحی تقریب میں آمد پر وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان سمیت تمام معززمہان گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
٭٭٭٭