اسلام آباد۔وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کی رہائشگاہ پر صدر ریاست آزاد جموں کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری، وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید کی آمد۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور نہتے کشمیری عوام پر ہندوستانی ظلم و جبر کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور اقوام عالم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ملاقات میں بلوچستان،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان ہم آہنگی کیلئے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام پاکستان کے لیے قربانیاں کی لازوال داستان رقم کررہے ہیں، ہندوستانی ظلم و بربریت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتا۔کشمیریوں کی منزل الحاق پاکستان ہے جس کے حصول تک جدوجہد جاری رہیے گی۔وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بزنجواور وزیر اعلی گلگت بلتستان بیرسٹر خالد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر سے ہندوستانی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا عملی کردار ادا کرے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزادکشمیر میں بلوچستان اور جی بی ہاؤس بنانے کیلئے تیار ہیں۔وزیر اعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجونے کہا کہ بلوچستان میں جموں وکشمیر اور جی بی ہاؤس بنائیں گے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشیدنے کہا کہ جی بی میں بلوچستان اور جموں وکشمیر ہاؤس ہم بنائیں گے۔صدر ریاست بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے کہا کہ تینوں علاقوں میں سرکاری ہاؤسز بن جانے سے ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔
٭٭٭٭٭٭