مظفرآباد،ریاست جموں وکشمیر کے دونوں حصوں سمیت دنیا بھر میں بسنے والےکشمیریوں نے’’یوم الحاق پاکستان‘‘اس عہد کی تجدید کےساتھ منایا کہ 19 جولائی 1947ء کو کشمیری اکابرین نےجس منزل کا تعین کیا تھا اس کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔مظفرآبادمیں پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد ۔دارالحکومت کی فضا پاکستان سے رشتہ کیا لاالہ الااللہ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔بھارت سے آزادی کیلئے اپنی جدوجہد کو منزل کے حصول تک ہر صورت جاری رکھنے کہ عزم کا اظہار۔تفصیلات کےمطابق 19 جولائی 1947 کو سرینگر میں پاس کی گئی قراردادِ الحاق پاکستان کی توثیق و تجدید کیلئے پاسبان حریت جموں کشمیر کے زیر اہتمام عوامی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں بزرگوں،بچوں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی میں شریک لوگوں نے پاکستان،آزادی کشمیر اور شہداء کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ریلی کے شرکاء نے دارالحکومت کے گھڑی پن چوک سے برہان وانی شہید چوک تک مرکزی شاہراہ پر مارچ کیا۔