مظفرآباد صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ13ویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر حکومت کوجو اختیارات اور عوام کو جو حقوق ملے ہیں انہیں کسی صورت کم نہیں کرنے دینگے ،ہم کسی کی ڈیکٹیشن پر نہیں چلیں گے آزادکشمیر کے عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، حکومت آزادکشمیرنے ٹورازم اتھارٹی کے نام پر ایک عوام دشمن منصوبہ بنا رکھا ہے جس کے تحت آزادکشمیر کے سرسبز جنگلات اور خوبصورت علاقوں پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے اس منصوبہ کی اسمبلی کے اندر اور باہر ہر فورم پر بھرپور مخالفت کرینگے ،مسلم لیگ ن یہ ظلم نہیں ہونے دے گی کہ عوام کے حقوق ،سرسبز جنگلات اور خوبصورت علاقوں پر شب خون مارلیا جائے مسلم لیگ ن آزادکشمیر شاہ غلام قادر نے مظفرآباد میں سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق،سابق وزراء راجہ عبدالقیوم خان ،نورین عارف،بیرسڑ افتخار گیلانی ،ڈاکٹر مصطفی بشیر ،راجہ محمد صدیق ،کرنل وقار نور،چوہدری محمد سعید ودیگر کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا بھی یہ موقف ہے کہ 13ویں ترمیم کے ذریعے آزادکشمیر حکومت کو جو اختیار ات وحقوق ملے ہیں اُن کو کسی صورت کم نہیں کرنے دینگے ۔مشیر اُمور کشمیر سے بھی اس معاملے پر بات ہوئی ہے اُن کا کہنا تھا کہ ابھی ایسا کوئی مسودہ تیار نہیں ہوا ۔آئینی ترمیم کے حوالے سے جو خط ارسال کیا ہے اس میں کمیٹی کے قیام کے بارے ہدایات دی گئی ہیں ،آزادکشمیر کے آفیسران ،ضلعی انتظامیہ پی ٹی آئی کی حکومت کے آلہ نہ بنیں اور حکومت کے غیر آئینی اقدامات کا حصہ بننے سے گریز کریں ،جعلی ریاستی باشندہ سرٹیفکیٹ کی اجرائیگی سے باز رہیں۔