اسلام آباد ، وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ٹورازم کو انڈسٹری کے طور پر فروغ دیں گے لیکن خطے کے جنگلات اور ماحولیات پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا،ریاست میں سرمایہ کاروں کو لانے اور علاقائی سیاحت کے فروغ کیلئے ٹورازم اتھارٹی بنا رہے ہیں تاکہ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سرمایہ کاروں کو سہولیات دیں ، ٹورازم میں سرمایہ کاری سے خطے کی عوام کو با عزت روزگار دیا جا سکے گا۔مقامی آبادی اور سرمایہ کاروں کو حکومت مکمل تحفظ فراہم کریگی،سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی اور رسائی کے لیے حکومت نے کام تیز کر دیا ہے، نئے سیاحتی مقامات متعارف کروائے جائیں گے اور قدرتی ماحول پر اثر انداز ہونے والے کسی بھی منصوبے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ٹورازم کوریڈور منصوبے کو مزید بہتر بنانے کیلئے از سر نو جائزہ لے رہی ہے جبکہ آزادکشمیر میں سمر اور ونٹر ٹورازم کیلئے پلان بنائے جا رہے ہیں، جنگلی حیات و قدرتی حسن کو متاثر کیے بغیر تحصیل،ضلع اور ڈویثرن کی سطح پر ٹورازم اسپیشل اکنامک زون بنا رہے ہیں ۔اسی طرح انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی ایسی پالیسی سامنے لا رہے ہیں جس سے ہزاروں نوجوانوں کو تربیت دیکر بین الاقوامی مارکیٹ سے جوڑا جائے گا۔ آزادکشمیر کو سوٹزر لینڈ کی طرز پر سیاحوں کا خطہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں باہر سے آنے والے سیاحوں کو یہاں کی روایات اور کلچر سے آگاہ کرنے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے