بالائی کوہستان کی تحصیل کندیا میں شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں کم از کم 50 مکانات اور چھوٹے بجلی گھر بہہ گئے۔
تحصیلدار (ریونیو افسر) محمد ریاض نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ سیلاب میں 50 کے قریب مکانات بہہ گئے ہیں، ہم نے 5 ٹیمیں تشکیل دی ہیں جنہیں امدادی کاموں اور نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے متاثرہ علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے۔
ایک مقامی رضاکار کے اندازے کے مطابق سیلاب کے باعث اس سے کہیں زیادہ تباہی ہوئی ہے۔
وفاقی حکومت نے بھی شدید بارشوں کے باعث کراچی اور حیدر آباد ڈویژن میں آج اپنے دفاتر میں چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے کابینہ ڈویژن نے چھٹی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔
البتہ کراچی اورحیدرآباد ڈویژن میں ضروری سروسز سمیت رین ایمرجنسی میں کام کرنے والے دفاتر کھلے رہیں گے۔

اس سے قبل سندھ حکومت نے شدید بارشوں کے باعث کراچی اور حیدرآباد میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا۔
کراچی سمیت صوبہ سندھ کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا سلسلہ 26 جولائی کی رات تک جاری رہنے کا امکان ہے، 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثرانداز ہوسکتا ہے۔