آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ بجلی کےبلز میں اضافی ٹیکسز کے معاملے پر نظرثانی کی جانی چاہیے۔ آزادکشمیر کی عوام کو پن بجلی کے منصوبوں کی وجہ سے خصوصی رعایت حاصل ہونی چاہیے ۔بجلی کے بلز میں ناروا اضافے کے خلاف آزادکشمیر کے عوام کا احتجاج اور غصہ جائز ہے۔ آزادکشمیر کے عوام نے بجلی کی پیداوار کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ان قربانیوں کے بدلے میں یہاں کے لوگوں کو رعائتی نرخوں پر بجلی ملنی چاہیے۔ سب لوگوں کو ایک ہی لاٹھی سے ہانکنا ناانصافی ہے۔ حکومت آزادکشمیر اور واپڈا کو مل کر آزادکشمیر کے عوام کو خصوصی ریلیف دینا چاہیے۔ یہ دنیا کااصول ہے کہ کسی بھی پیداوار میں مقامی آباد ی کو خصوصی رعایت اور سہولت حاصل ہوتی ہے۔اسی اصول کا اطلاق بجلی کے معاملے پر بھی ہوناچاہیے۔ بجلی بلز میں اضافی ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے، غریب عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبی ہے اور انتہائی مشکلات میں زندگیاں گزارنے پر مجبور ہے ،اوپر سے یہ اقدام سراسر ظلم وزیادتی ہے۔