مظفرآباد( وائس آف کشمیر نیوز) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر بھر میں ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرین پر پولیس کا لاٹھی چارج،گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، ریاست کو پولیس سٹیٹ نہیں بنانے دینگے ، ہر شہری کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ آزادانہ اپنی بات کر سکے ، ریاست پرُامن لوگوں کی بات سنُے اور اُس پر عملدرآمد کرے ۔پولیس کو غلط استعمال نہ کیا جائے اور نہ ہی پولیس کسی کی آلہ کار بنے ۔بجلی بلات میں بلا جواز ٹیکسز ظالمانہ اقدام ہے عوام اس وقت روٹی کے ایک نوالہ کو ترس رہی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے بھاری بلات تھما کر عوام کو جیتے جی مار دیا گیا ۔حکومت ہوش کے ناخن لیتے ہوئے تمام ٹیکسز ختم کرئے اور گرفتار شہریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے ،ریاست انتشار کی متحمل نہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی ایوان صحافت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اُن کے ہمراہ سابق وزیر حکومت سید بازل علی نقوی ،سابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر ،سابق ایڈمنسٹریٹر ٹائون کمیٹی گڑھی دوپٹہ سید راشد نقوی ودیگر موجود تھے ۔اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے کہاکہ ایک ایسے شخص کو ریاست کا وزیراعظم بنادیا گیا ہے جس کو ریاست کے عوام کے مسائل بارے میں کوئی دلچسپی یا حقیقت معلوم نہیں ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی بیک گرائونڈ ہے ۔جنہوں نے اس نااہل شخص کو وزیراعظم بنایا اُنہیں شرم آنی چاہیے ۔تحریک آزادی کے بیس کیمپ کو اس حکومت نے ریس کیمپ بنادیا ہے اُس پار کے کشمیری بھائی آئے روز بھارتی مظالم کا شکار ہورہے ہیں جب کہ حکومت آزادکشمیر نے مکمل خاموشی اختیار کررکھی ہے جو افسوسناک بات ہے ۔