مظفرآباد( وائس آف کشمیر نیوز) پندرہویں آئینی ترمیم ،ٹور ازم اتھارٹی ، ناجائز ٹیکسز ،لوڈ شیڈنگ اور ریاست کی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کے خلاف انجمن تاجران ،یوتھ و نگ ، طلبہ ایکشن کمیٹی ، ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن سمیت وکلا ء ،سول سوسائٹی کی اپیل پرمظفرآبا د ڈویژن میں تاریخی شٹر ڈائون ،پہیہ جام ہڑتال ،ہزاروں افراد سڑکوں پرنکل آئے۔ دارالحکومت کے علاوہ گڑھی دوپٹہ،
ہٹیاں بالا،چکار،چناری، چکوٹھی،کہوڑی،دولائی سمیت تمام جگہوں پرمکمل شٹر ڈاؤن رہا۔گیلانی چوک پر تمام جلوس اکٹھےہونے پر بڑے اجتماع کی شکل اختیار کرگیا جس سے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان،سابق امیدواراسمبلی ر اجہ ثاقب مجید،راجہ صہیب اوید،مجتبیٰ بانڈے،صدر مرکزی انجمن تاجران شوکت نواز میر،صدر سپریم کورٹ بار راجہ طارق بشیر ایڈووکیٹ،فضل محمود بیگ، صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن،امجد علی خان ایڈووکیٹ،خواجہ اعظم رسول،قذافی الطاف،راجہ عاقب سفیر،سہیل مغل،حامد مقبول عباسی،ظہیر میر،راجہ بلال،راجہ احسن خورشید،راجہ سمیع،قاسم فرید،ذوالفقار بٹ،شاہد لطیف، فیصل جمیل کشمیری ،قزافی الطاف،احسن حمید ،محمود بیگ ایڈوکیٹ ودیگر نے خطاب کیا۔فاروق حیدر نے کہا کہ پندرہویں ترمیم کو شوشہ قرار دینے والے بتائیں وزارت امور کشمیر نے کس لیے خط لکھا ، جو کہتے تھے کوئی ترمیم نہیں ہے وہ بتائیں مسودہ کہاں سے آیا۔وزیراعظم شہباز شریف سے استدعا کرتا ہوں کہ ساری صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے پندرہویں ترامیم کا مسودہ واپس لینے کا اعلان کریں۔آزاد کشمیر کو صوبہ بننے دینگے نہ ہی کشمیر کو تقسیم کرنے دیں گے۔