اسلام آباد ، پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انتخابات سے قبل دھاندلی اور خفیہ سازباز کی دانستہ بھارتی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے جبکہ بھارت کے ساتھ تجارت کےمتعلق چلنے والی خبروں کو غلط قرار دیا ہے ۔دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نےگزشتہ روز ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں عارضی رہائشیوں کو بطور ووٹرز رجسٹر کرنے کی اجازت دینے کا حالیہ اعلان بھارت کے دھوکہ دہی پر مبنی منصوبے کا واضح اظہار ہے جس کے ذریعے وہ انتخابی ڈھونگ کےنتائج پر اثر انداز ہو رہا ہے۔انہوں نےبھارت کے ان اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے جس کا مقصد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اور یکطرفہ مذموم اقدامات کے باوجود بھارت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزورکرنے میں کامیاب نہیں ہو گا اور نہ ہی اقوام عالم کو گمراہ کر سکے گا۔انہوں نے بھارت پرزوردیا کہ وہ ایسے تمام اقدامات سے باز رہے جو بین الاقوامی قانون ، اقوام متحدہ کے چارٹر اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوں۔ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت کوغیر قانونی طورپر گرفتار کئے گئے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ، مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بنداور کشمیریوں کو انکا ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے بھی مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مقبوضہ وادی میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کا فوری نوٹس لے اورانسانی حقوق کی پامالیوں پربھارت کوجواب دہ بنائے