اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ میں آج ایک اجلاس طلب کیا تھا جس میں انہوں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کی۔
عمران خان نے گزشتہ روز بھی اپنے خلاف انسداد دہشتگردی کے مقدمے کو لے کر سیاسی اور قانونی ٹیم سے مشاورت کی تھی جس کے بعد انہوں نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اب عمران خان نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کل ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہےکہ خاتون جج کو دھمکانے پر عمران خان کے خلاف تھانہ مرگلہ میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی تین روز کی راہداری ضمانت منظور کی تھی اور انہیں تین روز بعد متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔