میرپور (وائس آف کشمیر نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار محمد تنویر الیاس خان نے میرپور ڈرائی پورٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔اس منصوبہ پر 81 کروڑ 58 لاکھ 64 ہزار روپے کی لاگت آئے گی۔ ڈرائی پورٹ کا رقبہ 100 کنال پرمشتمل ہے جو ایک سال میں مکمل ہوگا ۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نےخصوصی شرکت کی جبکہ تقریب
میں وزراء عبد الماجد خان،چوہدری ارشد حسین،چوہدری یاسر سلطان،چوہدری اظہر صادق،اکبر ابراہیم،تقدیس گیلانی،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ،چیئرمین سی بی آر فہیم احمد عباسی ،سیکٹریز حکومت،چیئرمین عملدرآمد و معائنہ کمیشن راجہ منصور،پی ٹی آئی راہنما قاضی اسرائیل، وارث گیلانی،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ممبران،صنعتکاروں سمیت ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران نےشرکت کی۔ یہ منصوبہ وزیر اعظم تنویر الیاس اور تحریک انصاف کی حکومت کا شاندار تاریخی منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے میر پور سے اندرون ملک اور بیرون ممالک تجارت آسان ہوگی اور ڈرائی پورٹ کے قیام سے آزاد کشمیر کے قومی خزانے میں اربوں روپے کی سالانہ آمدن ہوگی۔ ٹیکس اہداف کی مد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہاہے کہ میرپور میں ڈرائی پورٹ کے قیام کا آغاز سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آزاد کشمیر کی حکومت عوام صنعت کاروں اور بیرون ممالک میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کا یہ پرانا اور دیرینہ مطالبہ تھا کہ میرپور میں ڈرائی پورٹ کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ڈرائی پورٹ سے جہاں میرپور میں صنعتی ترقی میں مدد ملے گی وہاں روز گار کے مزید مواقع بھی ملیں گے