وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اہم اجلاس پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد ملک میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کیلئے ’نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سینٹر‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس نے قراردیا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے 60 سال میں ایسی تباہی نہیں ہوئی، سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف کیلئے ہنگامی اقدامات کو سراہا، اتحادی حکومت متاثرین کی دوبارہ اُن کے گھروں میں آبادکاری تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور حکومت متاثرین کی زندگیوں کودوبارہ معمول پرلانےکیلئے ہرممکن وسائل بروئے کارلائے گی۔
اجلاس نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے وزیراعظم ریلیف فنڈ2022قائم کرنے کے فیصلے کی حمایت کی اور اندرون وبیرون ملک سے عطیات جمع کرنے کیلئے بھرپور مہم چلانے پر بھی اتفاق کیا۔