مظفرآباد ۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے سیاسی مخالفت کی وجہ سے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی حکومتوں کو دیوار کے ساتھ لگانے کےلیے ہمارے فنڈز پرکٹ لگایا اور اب ہمارے فنڈزروک لیے ہیں۔وزیراعظم پاکستان سیاسی بالغ النظری کا مظاہرہ کریں ،ہم پاکستان کی بنیادی اکائی ہیں،ہمیں دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔اسوقت دیگر صوبوں کے فنڈز میں بیس سے پچیس فیصد اضافہ کیا گیا ہے لیکن آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے فنڈز پر کٹ لگا دیا گیاہے۔عمران خان جب وزیر اعظم پاکستان تھے تو انہوں نے آزادکشمیر میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت کو نہ صرف انکے مطلوبہ فنڈز فراہم کیے بلکہ خطیر اضافی رقم بھی فراہم کرتے رہے۔آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے درمیان 75سالہ دوریاں ختم کریں گے۔شونٹر ٹنل کی تعمیر سے دونوں خطوں کے درمیان زمینی دوریاں کم ہونگی۔گلگت بلتستان کے عوام کےساتھ ہمارے روحانی رشتے ہیں ۔مظفرآباد میں گلگت بلتستان ہاؤس اور گلگت میں کشمیر ہاؤس بنائیں گے تاکہ ہمارے رشتے مزیدمضبوط ہو ں ۔ قائد پاکستان چیئرمین تحریک انصاف عمران خان دو ہفتوں کے اندر مظفرآباد میں ہمارے درمیان ہونگے انکا مظفرآباد میں تاریخی استقبال کریں گے ۔گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کی حکومتوں کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کے قیام کے اقدامات پاکستان کی مضبوطی اور اسکے آگے بڑھنے کےسفر میں سنگ میل ثابت ہو نگے ۔وفاقی حکومت کی جانب سے آزادکشمیر اورگلگت بلتستان کے بجٹ پر کٹ لگانے کے اقدام سے یہاں کے عوام کی دل آزاری ہوئی اور یہاں جاری ترقیاتی عمل بری طرح متاثر ہوا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں ایوان وزیر اعظم میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر آزادکشمیر کے وزراء، مشیران ، پارلیمانی سیکرٹری اور ممبران اسمبلی بھی موجود تھے ۔