مظفرآباد۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویر الیاس کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی رابطہ کونسل کےاعلیٰ سطح اجلاس میں وزیر اعظم نے مالی سال 2022/23 کے لئے 2 ارب 80 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی جبکہ عوامی ضروریات
کے پیش نظر ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ماڈل قبرستان بنوانے کی ہدایت بھی کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدرات رابطہ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیرحکومت خواجہ فاروق احمد ،دیوان علی چغتائی ، ماجد خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احسان خالد کیانی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ساجد چوہان، سیکرٹری فنانس عصمت اللہ شاہ ، پرنسپل سیکرٹری شاہد محی الدین ، ڈی جی لوکل گورنمنٹ شبیر عباسی سمیت دیگر آفیسران نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری دیتے ہوئےمحکمے کو ہدایت کی کہ عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جائے اور دیہی عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنوایا جائے۔کام کے معیار کو یقینی اور مانیٹرنگ کے نظام کو موثر کیا جائے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونین کونسل کی عمارات کو جلدمکمل کروایا جائےاورضلعی ہیڈ کوارٹرمیں ماڈل قبرستان بھی بنوائے جائیں تاکہ اراضی کی کمی اور حال و مسقبل میں قبرستانوں کی عدم دستیابی کیوجہ سے پیش آنے والی ممکنہ مشکلات کا تدارک ممکن ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ واٹرسپلائی سکیم اور معلق پل ھا کے نئے منصوبے فوری طور پر تیار کرکے ان پر عملدرآمد شروع کروایا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ احسان خالد کیانی نے وزیراعظم کو مالی سال 2022/23 کے بجٹ پر بریفنگ دی اور اس سال کے اہداف پیش کیے