باغ ،سابق وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر حکومت کے اختیارات میں کمی کسی صورت نہیں ہونے دیں گے، منقسم ریاست کی وحدت کی بحالی کیلئے کشمیری عوام کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی تبدیلی قبول نہیں ایل او سی کو مستقل سرحد بنانے کیلئے جو سرگرمیاں ہو رہی ہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کو صوبہ بنانے کی کوششوں کی مخالفت کریں گے، ہماری زندگی میں ریاست جموں و کشمیر کے حصے بخرے نہیں ہوں گے ہم سب نے یہ عہد کرنا ہے انہوں نے کہا کہ سب عہدے انجوائے کر چکا ہوں اب ساری توانائیاں کشمیر کی آزادی کیلئے جدوجہد میں گزارنی ہے، ریاست جموں و کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے، انہوں نے کہا آزادکشمیر کو نمائندہ حکومت تسلیم کیا جائے دنیا ہماری بات سنے گی کشمیر پر بات کرنے کیلئے ہمیں موقع دیا جائے ، ہمیں اپنا کیس خود پیش کرنے کا موقع ملنا چاہئے، کشمیر کونسل کی صورت میں ہم پر مالیاتی و انتظامی آقا مسلط کئے گئے جو ہر کام میں ٹانگ اڑاتے تھے، میں نے حکومت میں آ کر کونسل کو ختم کر کے اپنے اختیارات میں اضافہ کیا۔