اسلام آباد پاکستان نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق سےتحقیقاتی کمیشن کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ بھارت کو معصوم کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کا ذمہ دارٹھہرائے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان دفترِ خارجہ عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ انسداد دہشت گردی کی کامیاب کارروائیوں سے لے کر دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کے کردار تک عالمی امن میں پاکستان کی شراکت کا عالمی برادری نے بڑے پیمانے پر اعتراف کیا ہے،اس کے برعکس، ریاستی دہشت گردی ہندوستان کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر سے زیادہ کہیں بھی واضح نہیں ہے جہاں 9 لاکھ سے زیادہ ہندوستانی قابض افواج بے گناہ کشمیریوں کو دہشت گردی، تشدد اور اذیتیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔دنیا کو سب اچھا کی رپورٹ دکھانے ولا بھارت دنیا میں بری طرح بے نقاب ہو چکا ہےاور وزیر داخلہ امیت شاہ کے حالیہ دورہ مقبوضہ کشمیر کے ذریعےمزید ڈرامہ دکھانے کی کوشش کی گئی ہے