اسلام آباد ۔ملک بھر میں محسن انسانیت، سرور کونین حضرت محمد مصطفی ۖکی ولادت با سعادت کا جشن آج پوری عقیدت و احترام سے منایا جائے گا،، 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر سے چھوٹے بڑے جلوس و ریلیاں برآمد ہوں گے اور میلاد کی محافل اور سیرت النبی ؐ کانفرنسز منعقد کی جائیں گی جن سے علما کرام خطاب کریں گے۔ کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد میں رنگ و نور سے جگمگاتی فضائوں نے عید سے پہلے عید کا سماں بنادیا ہے، مدحت رسول کا اپنا اپنا انداز ہے، گلہائے عقیدت کا اپنا اپنا رنگ ہے۔جسے دیکھیے روح پرور تیاری کے جتن کررہا ہے، گھروں کو سجانے کیلئے لائٹنگ کی جارہی ہے اور جھنڈے لگائے جارہے ہیں۔ہر جگہ نور ہی نور پھیلا ہوا ہے اور فضائیں نعتوں سے گونج رہی ہیں، بچے بڑے سب ہی عشق نبی سے سرشار نظر آتے ہیں۔مساجد، گلیوں، بازاروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، ہر طرف سبز پرچموں کی بہار ہے۔مختلف شہروں میں محافل درود و نعت کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں شمع رسالت کے پروانے خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ۖ کو گلہائے عقیدت پیش کررہے ہیں۔عاشقان رسول گلیوں، محلوں اور گھروں کو سجانے کیلئے جوق در جوق دکانوں کا رخ کر رہے ہیں اور بازاروں میں معمول سے زیادہ رش دیکھا جارہا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہم اپنے معاشرے، قوم اور ملک میں امن ،چین ،سکھ، دوسروں کی خیر خواہی، صدق و وفا، امانت ، دیانت اور ترقی چاہتے ہیں تو ہمیں دوبارہ سے اس مثالی معاشرے کے رہن سہن اور اعلی اقدار کو اپنے معاشرے میں اپنانا ہوگا جس کی بنیاد نبی کریم ﷺنے رکھی تھی اور حضور ۖ کی مبارک تعلیمات کو زندگی کے ہر شعبے میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا کیونکہ حضورﷺ ۖ کی سیرت طیبہ ہی عالم انسانیت اور دنیا کی فلاح وکامیابی کی ضامن ہے۔12ربیع الاول کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آج ربیع الاول سرکارِ دوعالم، رحمت اللعالمین خاتم النبیین حضرت محمدﷺ ۖ کی آمدِ سعیدکے بابرکت موقع پر میں پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،