آزادکشمیر بھرمیں عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی گئی۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے ہوا۔سب سے بڑا جلوس دارالحکومت مظفرآباد میں نکالا گیا۔ جشن عیدمیلادالنبی کےعظیم الشان جلوس ، عاشقان رسول کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر امڈ آیا ، ریاست کی فضا لبیک یارسول اللہ، سرکارﷺ کی آمد مرحبا کےنعروں سے دن بھر گونجتی رہیں۔سیدی مرشدی ، یا نبی ﷺ یا نبیﷺ کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔صلوۃ و سلام سے شہر کی فضا معطر رہی ، ہر سو درود و سلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔ ہر طرف رنگ و نور کی بہاریں چھائی رہیں۔ پاک فوج کی طرف سے دارالحکومت مظفرآباد میں 21توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مرکزی سیرت کمیٹی کے زیراہتمام حسب سابق مرکزی عیدگاہ میں پرچم کشائی کی سب سے بڑی تقریب کا انعقادکیاگیا جس میں شہری دفاع کے دستے نے سلامی دی۔مختلف سرکاری عمارات،بازاروں،مساجد و مدارس اور خانقاہوں میں سبز پرچم لہرائے گئے۔میلادالنبیﷺ کی افتتاحی نشست جلسہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ حسب سابق قدیمی جامع مسجد سلطانی میں منعقد کیا گیا ۔ مظفرآباد میں مرکزی سیرت کمیٹی کے زیر اہتمام حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺ کاعظیم الشان جلوس قدیمی جامع مسجد سلطانی سے شروع ہوا۔ قیادت مرکزی سیرت کمیٹی کے صدرعتیق احمدرضا، صاحبزادہ پیرجاویدمنان قریشی،صاحبزادہ میاں محمدرفیق جھاگوی، صاحبزادہ عتیق احمدجھاگوی ودیگر علمائے کرام و مشائخ عظام کررہے تھے جبکہ وزیراعظم اپراڈہ تک جلوس کے ہمراہ رہے۔ سابق وزیراعظم محمدفاروق حیدر خان اوروزیربلدیات خواجہ فاروق احمدمدینہ مارکیٹ کے مقام پر میلادالنبیﷺ جلوس میں شامل ہوئے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلم امہ تفرقہ چھوڑ کر اتحادکا مظاہرہ کرے ،حضور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر مسلمان سرخرو ہوسکتے ہیں۔ ضلع میرپور میں جشن عیدمیلادالنبیۖ کے سلسلہ میں مرکزی میلاد کمیٹی کے زیراہتمام مرکزی جامع مسجدمفتی عبدالحکیم سے میلاد النبیۖ کاجلوس نکالاگیا.جلوس کی قیادت کمشنر چوہدری شوکت علی،ڈی آئی جی پولیس ڈاکٹر خالد محمود چوہان،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال,ڈی جی امور دینیہ مفتی نذیر احمد قادری اسسٹنٹ کمشنر سردار عبدالقادر،مرکزی میلاد کمیٹی کے راہنماؤں چوہدری ریاض عالم ایڈووکیٹ، غلام رسول عوامی،چوہدری شوکت علی،مفتی وسیم رضا، فضل الرحمن،سہیل شجاع مجاہد،راجہ خالد محمود خان،شیخ سرور،راجہ محمد عارف،قاری اعجاز احمد،اسحاق چوہان سمیت سول سوسائٹی،مذہبی جماعتوں، وکلا، صحافیوں، انجمن تاجراں،مذہبی مدارس کے طلبہ و اساتذہ،سرکاری افسران و ملازمین نے شرکت کی اور خطاب کیا۔شرکاء جلوس نعرہ تکبیراللہ اکبر،نعرہ رسالت یا رسول اللہ،نعرہ حیدری،سیدی مرشدی یا نبی یانبی ،آمد رسول مرحبا مرحبا، لبیک یارسول اللہ لبیک، تاجدارختم نبوت زندہ باد، غلام ہیں غلام ہیں رسول کے غلام ہیں، غلامی رسول میں موت بھی قبول ہے کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے۔ عاشقان رسول نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم اور سینوں پر یا رسول اللہ کے بیج رلگا رکھے تھے۔