وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کسی صورت التوا کا شکار نہیں ہونگے ،عمران خان کے ویژن،پی ٹی آئی کے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے بڑے وعدے کو عملی جامہ پہنانے اورسپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے،الیکشن کمیشن کو ان کی ضرورت کے مطابق بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے وسائل کردئیے گئے ہیں انتخابات کے لیے سکیورٹی فورسز کا کوئی ایشو نہیں،وفاقی حکومت اور صوبوں سے رابطے میں ہیں عوام اور ٹکٹ ہولڈرز افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتخابات کی بھرپور تیاری کریں، بحیثیت وزیراعظم آزادکشمیر عوام سے وعدہ ہے کہ آپ کے حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کرونگا اور آپکا دیرینہ خواب کسی صورت ٹوٹنے نہیں دونگا ، 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کا انعقاد پی ٹی آئی کی حکومت کا اعزاز ہے۔مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سپریم کورٹ آزادکشمیر کی ہدایات کی روشنی میں انتخابات کا انعقاد حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے اور حکومت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیگی ، انہوں نے کہا حکومت آزادکشمیر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ سے رابطے میں ہے اور سکیورٹی فورسز کی فراہمی کے حوالے سے بات چیت جاری ہے چونکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کی وجہ سےسکیورٹی فورسز کی دستیابی اسوقت ایک ایشو ہے لیکن آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات میں ابھی کافی وقت ہے ہمیں امید ہے تب تک حالات نارمل ہوجائیں گے، انہوں نے کہا اگر کسی وجہ سے انتخابات کے لیے وفاق کی جانب سے سکیورٹی فورسز کی فراہمی ممکن نہیں ہوتی تو حکومت آزادکشمیر پنجاب،کے پی کے،گلگت بلتستان سےسکیورٹی فورسز اور پاک فوج سے بھی سکیورٹی کیلئے د رخواست کردی ہے۔ہم کسی صورت عوام کا یہ دیرینہ خواب ٹوٹنے نہیں دیں گے ،عوام افواہوں پر کان نہ دھریں اور انتخابات کی تیاری کریں اور 27 نومبر کو پی ٹی آئی کو بھرپور طریقے سے کامیاب کریں۔