اسلام آباد۔وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاست آزاد جموں و کشمیر کو پارٹی منشور کے مطابق فلاحی ریاست بنائیں گے، ریاست میں لوٹ مار کی کوئی گنجائش نہیں جنہوں نے خطہ جنت نظیر وادی کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اُنہیں کٹہرے میں لائیں گے،کرپشن کرنے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں کی جائے گی،اس حوالے سے عمران خان نے واضح ہدایات جاری کردی ہیں،کسی حکومتی عہدے دار یا سرکاری افسران کے خلاف شکایات موصول ہوئیں تو کسی کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی ۔آزاد کشمیر میں ائیر ایمبولینس کے ساتھ شہداء کے ورثا کے لئے گھروں کا اعلان کرتے ہوئے ایک سو اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد میرپورمیں رکھا جا رہا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر متاثرہ آبادی کے بچوں کی تعلیم کے لئے عملی اقدامات کریں گے،بلدیاتی انتخابات کے التواء اور سیکیورٹی کےمتعلق خبریں بے بنیاد ہیں بطور وزیر اعظم اعلان کرتا ہوں کہ ریاست کے عوام الیکشن کو کامیاب بنانے کے لئے اپنا حق رائے دہی لازم استعمال کریں ، اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کریں گے ۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر سرادر تنویرالیاس نے ’’اوصاف‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھاوہ اپنی حکومت میں آزاد کشمیرکو مدینہ کی طرح ایک فلاحی ریاست بنائیں گے جو ان کا ایک خواب ہے۔ اللہ نے انہیں موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اپنے خواب کو پورا کر سکیں۔تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ائیر ایمبولینس نجی فلاحی تنظیم کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ (کورٹ)کے ساتھ اشتراک سے بہت جلد شروع کی جائے گی اور ساتھ ہی شہداء کے ورثا کے لئے گھروں کا اعلان کرتے ہوئے ایک سو اپارٹمنٹس کا سنگ بنیاد میرپورمیں رکھا جا رہا ہے جبکہ لائن آف کنٹرول پر متاثرہ آبادی کے بچوں کی تعلیم کے لئے عملی اقدامات کریں گے ، اس حوالے سے وزیرِ تعلیم محکمانہ طور پر رپورٹس مرتب دے رہے ہیں جلد ریاست کے عوام کو خوشخبری دی جائے گی ۔ تحریک انصاف کی حکومت اداروں کو مضبوط کرے گی اور تمام لوگوں کے لیےمساوی قانون بنایا جائے گا۔بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی منشور اور عوام سے کیے گئے بڑے وعدے کو عملی جامہ پہنانے اورسپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر ہونگے ، الیکشن کمیشن کو ان کی ضرورت کے مطابق بروقت انتخابات کے انعقاد کیلئے وسائل مہیا کردیئےگئے ہیں ، انتخابات کے لیے سکیورٹی فورسز کا کوئی ایشو نہیں محض ایک مخصوص طبقہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ر رہا ہے اس حوالے سے وفاقی حکومت اور صوبوں سے رابطے میں ہیں ،عوام افواہوں پرکان نہ دھریں اور انتخابات کی بھرپور تیاری کریں ۔