چیف سیکرٹری آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر محمدعثمان چاچڑ کی زیر صدارت آزادکشمیر میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے ممکنہ مواقع اور ان سے فوائد کے حصول کے سلسلہ میں اجلا س چیف سیکرٹری آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری (جنرل) ، سیکرٹری سروسز ، سیکرٹری مالیات ، سیکرٹری سپورٹس ، سیکرٹری ٹورازم ، کمشنرز صاحبان ڈویژن مظفرآباد، پونچھ ،ڈپٹی کمشنر صاحبان نیلم ، باغ اور مظفرآباد نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ جغرافیائی محل و قوع کے اعتبار سے آزادکشمیر کا موسم سرمائی کھیلوں کے انعقاد کے لیے انتہائی موزوں ہے تاہم قبل ازیں اس شعبے کو درکار توجہ نہیں ملی جس کی وجہ سے آزادکشمیر ابھی تک اس شعبے میں گلگت بلتستان کے ہم پلہ بھی نہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایک مربوط پلان بنایا جائے جس میں مقامی آبادی خاص کر نوجوان طبقے کو شامل کرنے کا میکنزم ہو اس سے جہاں ایک طرف مقامی آبادی کے لیے روزگار اور معاشی سرگرمیاں پیدا ہوں گی دوسری طرف نوجوانوں کے لیے صحت مندانہ سرگرمیوں کے مواقع پیدا ہوں گے جو صحت مند معاشرے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ لوکل ٹیلنٹ کو ایسے ایونٹ میں پروموٹ کرنا پلان کا لازمی حصہ ہونا چاہیے نیز لوکل کمیونٹی کو ان میں مکمل طور پر شامل رکھا جائے۔ محکمہ سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر ایسے ایونٹس کے سالانہ انعقاد کے لیے ایک کلینڈر تیار کرے اور پھر ان کا سالانہ باقاعدگی سے انعقاد کیا جائے۔اس سلسلہ میں مرکزی سطح پر ایک مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے جو پالیسی مرتب کرے اور ضلعی سطح پر ایونٹ مینجمنٹ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔
چیف سیکرٹری