چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلہریا نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کےمطابق مقررہ وقت پرہونگے، حکومت آزادکشمیر نے بلدیاتی انتخابات کیلئےمطلوبہ سو فیصد فنڈز فراہم کردیئے ہیں اور اس وقت تک 28کروڑکے اخراجات بھی ہوچکے ہیں۔سیاسی رہنماؤں سے گزارش ہےکہ ایسے بیانات سے گریز کریں جن سے مایوسی اور انارکی پھیلے ، آزادکشمیر کےعوام اور سیاستدان اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور بلدیاتی انتخابات کےعمل کو مکمل کروانے میں ہماری معاونت کریں۔انتخابات میں ابھی بھی دس سے زائد ایام باقی ہیں اور شدید موسمی حالات کے پیش نظر زیادہ برفباری والے علاقوں میں انتخابات کا فیصلہ پولنگ کا دن قریب آنے پر کیا جائیگا۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ،عوام بھرپور تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی فورسز کی فراہمی حکومت آزادکشمیر کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلہ میں حکومت کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی فراہمی کی مکمل یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری خود اس سلسلہ میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ سے بات ہوئی ہے اور وہ سیکورٹی مہیا کرنے کےلئے تیار ہیں۔