مفتی رفیع عثمانی جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر تھے—فوٹو: فیس بک

مفتی اعظم پاکستان اور جامعہ دارالعلوم کراچی کے صدر مفتی محمد رفیع عثمانی کراچی میں انتقال کرگئے۔

مفتی رفیع عثمانی کے بھتیجے سعود عثمانی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ’کس دل سے کہوں کہ میرے محبوب چچا مفتی اعظم پاکستان مولانا محمد رفیع عثمانی ابھی کچھ دیر قبل انتقال فرماگئے’

مفتی محمد رفیع عثمانی و فاق المدارس العربیہ پاکستان کے نائب صدر ، کراچی یونیورسٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ رکن، اسلامی نظریاتی کونسل، رویت ہلال کمیٹی اور زکوٰۃ و عشر کمیٹی سندھ کے رکن اور سپریم کورٹ آف پاکستان اپیلٹ بینچ کے مشیر بھی رہے۔

مفتی رفیع عثمانی 21 جولائی 1936 کو متحدہ ہندوستان کے علاقے دیوبند میں پیدا ہوئے اور 1986 میں دارالعلوم کراچی کے صدر بنے۔

جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تعزیتی بیان میں کہا کہ مفتی محمد رفیع عثمانی کی وفات سے پاکستان ایک متوازن افکار ونظریات کے حامل، معتدل، بلند پایہ فقیہ اور مفتی سےمحروم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی گراں قدر علمی خدمات کویاد رکھا جائے گا، انہوں نے اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کی، ان کی وفات سے دل رنجیدہ ہے۔