قائدحزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر ، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کہاہے کہ بلدیاتی انتخابات کو آزادانہ ،منصفانہ اور صاف وشفاف بنایا جائے،سپریم کورٹ کےفیصلے کےمطابق ایک ہی دن میں انتخابات کرائے جائیں ، 2پولیس کے جوان پولنگ سٹیشن پرتعینات کرکےانتخابات پرامن نہیں ہو سکتے ، آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں پاک فوج کے کیمپ موجود ہیں ، الیکشن کےدوران پاک فوج سے خدمات لی جاسکتی ہیں ،سکیورٹی کی فراہمی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،عمران خان کا دھرنا 10نومبر سے 26نومبرتک جاسکتا ہے تو انتخاب کا شیڈول مرحلہ وار اگر 8 دسمبر تک بڑھایا گیا تو اس کو بھی آگے یاپیچھے کرکےایک ہی دن ہی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں ، ہم ہر وقت بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہیں ،اپوزیشن جماعتوں کو پروپیگنڈہ کرکے انکی کردارکشی کی جارہی ہے ،ہمارا شروع دن سے یہی مطالبہ رہا ہے کہ ایک ہی دن میں انتخاب ہوں ہم الیکشن سے نہیں بھاگ رہے بلکہ حکومت من پسند نتائج کےحصول کیلئے مرحلہ وار انتخاب کروانا چاہتی ہے۔ گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کےفیصلے میں ایک ہی دن انتخاب کرواناہے ، آزادکشمیر حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے سکیورٹی فورسز کیلئے حکومتی سطح پر بات کرے۔امن کمیٹیوں اور 2 پولیس کے نوجوانوں کی موجودگی میں جو بدامنی اور انتشار بڑھے گا اور ان حالات میں اگرکوئی سانحہ رونما ہوا تو ہم حکومت اورالیکشن کمشنر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گےاور اسکی تمام تر ذمہ داری حکومت اورالیکشن کمشنر پر ہوگی ،انہوں نے کہا کہ ہماری تمام سیاسی جماعتوں پیپلزپارٹی،مسلم لیگ ن ،جے کے پی پی ،جماعت اسلامی ،مسلم کانفرنس و دیگر قائدین سے رابطہ کیا گیا ہے، سب کا مطالبہ ہے کہ انتخابات ایک ہی دن ہی کروائے جائیں ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اسلام آباد پر یلغار کرنےآرہی ہے آزادکشمیر حکومت اگر بلدیاتی انتخابات میں مخلص ہےتو عمران خان کے دھرنے کو موخر کروائے ،سکیورٹی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ مجھے ایک دن کیلئے الیکشن کمشنر بنادیں ایک ہی دن میں انتخابات کروا کردکھاؤں گا حکومت کو میر ا چیلنج ہے ۔راجہ فاروق حیدر خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بلدیاتی انتخابات ایک ہی دن کروانے کا مطالبہ لیکر حکومت خود سپریم کورٹ کے پاس گئی ہے ہم ہر حال میں ایک ہی دن میں آزادانہ منصفانہ ،شفاف انتخابات 27نومبر ہی کو کروانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
متحدہ اپوزیشن ،لطیف اکبر