صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی اہم عسکری تقرریوں سے متعلق سمری پر دستخط کردیے، جس کے بعد جنرل عاصم منیر ملک کے 17 ویں آرمی چیف اور جنرل ساحر شمشاد چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بن گئے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم کی جانب سے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ اس فیصلے کے بعد ملک میں استحکام آئے گا، یہ اچھا شگون ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا اور صدرمملکت عارف علوی نے سمری میں دستخط کرکے اس کی منظوری دے دی۔
اس سے قبل وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔