آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تکمیل پر سرکاری ملازمین کے تقررو تبادلہ جات وغیرہ پر لگائی گئی پابندی کو ڈویژن مظفرآباد کی حد تک ختم کر دیا جبکہ ڈویژن ہا پونچھ اور میرپور میں پابندی بد ستور قائم رہےگی۔تفصیلات کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کےسلسلہ میں سرکاری ملازمین کے تقرر و تبادلہ جات وغیرہ پر ایک مکتوب کے ذریعے پابندی عائد کی گئی تھی تا ہم مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تکمیل پرالیکشن کمیشن نے متذکرہ ڈویژن کی حد تک پابندی ختم کر دی ہے جبکہ ڈویژن ہا پونچھ اور میرپور میں پولنگ بلترتیب 3 دسمبر اور 8 دسمبر کو ہونا باقی ہے اس لیے ان دو ڈویژن ہا میں تقرری و تبادلہ جات پرمکمل پابندی بدستور برقرار رہےگی ۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کی تکمیل تک مظفرآباد ڈویژن سے متذکرہ ڈویژن ( پونچھ و میر پور ) میں کوئی تقرر و تبادلہ عمل میں نہ لایا جائےگا اور نا گزیرصورت میں ایسےکسی بھی تبادلہ کیلئے الیکشن کمیشن سے نرمی حاصل کرنا لازمی ہو گی ۔الیکشن کمیشن کےسینئر رکن راجہ محمدفاروق نیاز نےکہا کہ الیکشن کا ماحول پرامن رہا اور عوام نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔میرپور اور پونچھ ڈویژن میں بھی امید ہے کہ عوام پرامن انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیں گے۔