فوٹو: انٹرنیٹ

پرانے ڈیزائن کے بڑے سائز والے  پاکستانی کرنسی کے  نوٹ تبدیل کرانے کی آخری مہلت ختم ہونے کے قریب آگئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 6 سال قبل ختم کیے گئے چار مختلف مالیتوں کے پاکستانی کرنسی کے پرانے بڑے نوٹ تبدیل کرانے کے لیے گزشتہ ماہ شہریوں کو ایک اور آخری موقع فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک ڈیڈلائن دی تھی جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔

گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک آپ پاکستان کے فنانس ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق حکومت پاکستان نے 10، 50، 100 اور 1000 روپے مالیت کے چھوٹے اور نئے سائز کے کرنسی نوٹوں کا اجراء سال 2005 سے 2008 کے درمیانی عرصے میں کیا تھا۔

پرانے اور بڑے سائز کے کرنسی نوٹ مارکیٹ سے مرحلہ وار واپس لینے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ یکم دسمبر 2016 کے بعد ان نوٹوں کا لین دین مکمل طور پر ختم کر دیا گیا تھا۔ لگ بھگ 6 سال کے عرصے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایسے کرنسی نوٹ رکھنے والے شہریوں کو آخری موقع فراہم کرتے ہوئے 31 دسمبر 2022 تک مہلت دی۔