سابق وزیراعظم آزاد کشمیر و مرکزی نائب صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہماری منزل پاکستان ہے جس کا تعین ہمارے آبائو اجداد نے کیا تھا ، آئے روز ان سے ایسی باتیں منسوب کی جا رہی ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ، میرا مؤقف دوٹوک اور واضح ہے کہ مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کا بیرون ملک کام کشمیری قیادت کو سونپا جائے تو اس کے بہتر نتائج سامنے آ سکتے ہیں کیوں کہ عالمی سطح پر مسئلہ کے بنیادی فریق کو اہمیت دے کر سنا جاتا ہے ۔ آزاد کشمیر حکومت کو تسلیم کرنے سے ہی مسئلہ کشمیر پر مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے ، او آئی سی میں کشمیریوں کو مبصر کی سطح پر نمائندگی ملنی چاہیے ، خود مختار کشمیر کا حامی تھا نہ ہوں ، مجھ سے منسوب اخباری خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے ، حقیقت یہ ہے کہ میں نے کسی اخبار کو انٹرویو دیا ہی نہیں ، ایک ریڈیو پروگرام میں سوال کیا گیا تھا جس کے جواب میں میں نے کہا کہ مسئلہ سفارت خانہ کھولنے کا نہیں ، او آئی سی میں بطور آبزرور نمائندگی کا ہے ۔ قانون ساز اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کے دوران راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ یہ بات میں کوئی پہلی دفعہ نہیں کہہ رہا بلکہ کئی بار کہہ چکا ہوں کہ جب تک کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کی ذمہ داری نہیں سونپی جاتی بیرون ملک ہمیں حمایت نہیں مل سکتی ۔
فاروق حیدر