اسلام آباد ( ادریس احمد اعوان سے) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے آزادکشمیر میں درآمد یا برآمد ہونے والی سگریٹ مصنوعات پر 200 فیصد ٹیکس لاگو کردیا ہے جبکہ پبلک مقامات پر سگریٹ نوشی کو جرم قرار دیتے ہوئے مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے مضر صحت اشیا کے استعمال کو کم کرنے کی پالیسی سامنے لائی ہے تاکہ عوام کو صحت مند معاشرہ دیا جائے اور سگریٹ کے دھوئیں سے متاثر ہونے والوں کو بیماریوں سے بچایا جاسکے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے اس حوالے سے متعلقہ محکمہ جات کو احکامات دیئے ہیں کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ اس طرح کی منفی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے۔ وزیر اعظم نے آزادکشمیر کی حدود میں درآمد اور برآمد کیے جانے والے تمام سگریٹس پر 200 فیصد اضافی ٹیکس بھی عائد کرنے کی منظوری دیدی ہے جبکہ آزادکشمیر میں بننے والی سگریٹ مصنوعات آزادکشمیر میں فروخت ہونے کی صورت میں یہ اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔وزیر اعظم کی اس پالیسی سے ریاستی خزانے میں کروڑوں روپے کی ٹیکس آمدن بھی بڑھے گی۔اس حوالے سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ نے سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن اور سیکرٹری ان لینڈ ریوینیو ڈیپارٹمنٹ کو ایک مکتوب تحریر کیا ہے جس پر فوری عمل درآمد کے احکامات دیئےگئے ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم تنویر الیاس نے وقتاً فوقتاً مختلف محکمہ جات کو دی جانے والی پالیسی گائیڈ لائنز اور Directives پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کےلیے آمدہ ہفتے میں محکمہ وائز تمام محکمہ جات کا جائزہ اجلاس طلب کیا ہے۔اجلاس میں ہر محکمہ سے دی گئی پالیسی گائیڈ لائنز اور ڈائریکٹیوز پرعملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا جائےگا ،عوام الناس کی سہولت کے حوالےسے دیئے گئے احکامات پر محکمانہ جائزہ اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے وزراء،آفیسران سمیت کمیونٹی کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔