لاہور کی تاریخی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں شادی کے فوٹو شوٹ پر یونیورسٹی کی انتظامیہ نے نوٹس لے لیا۔
میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ نے یونیورسٹی میں شادی کے فوٹو شوٹ پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی عمارت کے مختلف حصوں میں شادی کا فوٹو شوٹ کیا گیا، شادی شدہ جوڑا اور فوٹو گرافر کی ٹیم یونیورسٹی بند ہونے کے بعد وہاں پہنچی۔
دوسری جانب ترجمان کنگ ایڈورڈ یونیورسٹی کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں فوٹو شوٹ کےواقعے پر نوٹس لے لیا گیا ہے اور ابتدائی انکوائری میں گارڈز ملوث پائے گئے۔
ترجمان کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ سے کسی قسم کی اجازت نہیں لی گئی، واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی نکلوائی جا رہی ہے، ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔