فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کو بریفنگ میں وزارت صنعت و پیداوار کے حکام نے بتایا ہےکہ پاکستان میں 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیک بنانےکے لائسنس جاری کیے جا چکے ہیں، الیکٹرک بائیک کے فروغ سے ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہوگی۔

 وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کابینہ نے سینیئرپارلیمنٹیرین چوہدری اشرف کی 53 سال پرانےکیس میں گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا، اجلاس میں ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید افراد کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اور دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن و امان کی صورت حال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائےگا، دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے ختم کردیا جائےگا۔ وفاقی کابینہ نے دہشت گردی کے خلاف مسلسل جدوجہد پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔

وفاقی کابینہ نے خصوصی اکنامک زونز میں ون ونڈو آپریشنز سے متعلق سہولیات دینے کے لیے ون اسٹاپ سروس ایکٹ کی منظوری دے دی، تاج فیلڈ میرپور خاص کو تجارتی حیثیت دینےکے لیے 14.11 مربع کلومیٹرکمرشل بنیادوں پر ڈیکلئیرکرنےکی منظوری بھی دی گئی،کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 21 دسمبر اور 15 نومبر کے اجلاسوں میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی، کابینہ کمیٹی نجکاری کے 26 دسمبر کے اجلاس میں لیےگئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔

وزارت صنعت و پیداوار  نے الیکٹرک بائیک کو  ملک بھر میں عام کرنے سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں 22 کمپنیوں کو الیکٹرک بائیک بنانےکے لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، پاکستان میں الیکٹرک بائیک کے فروغ  سے ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہوگی، ماحول دوست الیکٹرک بائیک کاربن کے اخراج میں کمی کا باعث بھی بنے گی، ملک میں پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کو مرحلہ وار  الیکٹرک بائیک سے تبدیل کیا جائےگا۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت پاکستان میں 90 کمپنیاں موٹر سائیکل اور آٹو رکشا بنا رہی ہیں، ملک میں سالانہ 6 ملین موٹر سائیکل بنانےکی سہولت موجود ہے۔

کابینہ اراکین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں توانائی سے متعلق کفایت شعاری اپنانےکی اشدضرورت ہے، ہمیں اپنے رویے اور اطوار بدلنےکی فوری ضرورت ہے، امپورٹ بل میں کمی کے لیے توانائی بچت پلان پر عمل درآمد اور متبادل توانائی کااستعمال ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے وزیر توانائی کو ونڈ پاور کی استعداد سے متعلق تفصیلی رپورٹ کابینہ میں پیش کرنےکی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری دفاتر میں بجلی کی کھپت 30 فیصد کم کرنے سے متعلق کمیٹی بنانےکی بھی ہدایت کی،کمیٹی میں وزیرتوانائی، وزیرمنصوبہ بندی، وزیرمملکت پٹرولیم اور متعلقہ سیکرٹریز  شامل ہوں گے۔