وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں بجلی کے استعمال میں کمی لانے کے لیے مارکیٹیں رات ساڑھے 8 بجے اور شادی ہالز 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزرا کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیے گئے فیصلوں سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ آج توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، پالیسی کے تحت وفاقی اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ آج کابینہ کے اجلاس میں کوئی لائٹ آن نہیں تھی، پردے ہٹاکر سورج کی روشنی میں اجلاس کی کارروائی مکمل کی گئی، اس علامتی اقدام کا مقصد بجلی کی بچت تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے توانائی ڈویژن کی سفارشات کی روشنی میں اس توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دے دی جو کہ فوری طور پر پورے پاکستان میں نافذالعمل ہوگا۔

خواجہ آصف نے بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ تمام وفاقی سرکاری اداروں میں بجلی کے استعمال میں 30 فیصد کمی لائی جائے اور برقی آلات کے غیر ضروری استعمال سے لازمی اجتناب کیا جائے۔