دنیا کی سب سے بڑی انسٹنٹ میسیجنگ شیئرنگ ایپلی کیشن واٹس نے اب تک کا انقلابی فیچر متعارف کراتے ہوئے ’پراکسی سپورٹ‘ متعارف کرادی، جس کے بعد اسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی چلانا ممکن بن گیا۔
جی ہاں، واٹس ایپ نے سال 2023 کے آغاز میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی کو متعارف کراتے ہوئے تصدیق کی کہ اب ایپلی کیشن کو ’پراکسی سپورٹ‘ کے ساتھ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
واٹس ایپ کی بلاگ پوسٹ کے مطابق اس وقت ایران سمیت متعدد ممالک میں لوگوں کو ایک دوسرے سے منقطع کرنے کے لیے انٹرنیٹ کو بند کردیا گیا ہے یا پھر واٹس ایپ سمیت دیگر ایپس کو بلاک کردیا گیا ہے جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
بلاگ میں بتایا گیا کہ انسانی حقوق کی بحالی اور لوگوں کا ایک دوسرے سے رابطہ کروانے کے لیے ہی واٹس ایپ پراکسی سپورٹ متعارف کرائی جا رہی ہے، جس کی مدد سے لوگ انٹرنیٹ کی بندش اور ایپس پر پابندی کے باوجود واٹس ایپ کو آسانی سے استعمال کر سکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق پراکسی سپورٹ کے باوجود صارفین کے میسیجز اور کالز اینڈ ٹو اینڈ رہیں گی، یعنی انہیں واٹس ایپ اور میٹا سمیت پراکسی سرور نہ دیکھ سکیں گے اور نہ ہی سن سکیں گے۔
پراکسی سپورٹ کیا ہے؟
پراکسی سپورٹ کا آسان مطلب یہ ہے کہ جن علاقوں یا ممالک میں انٹرنیٹ کی سروس کو بند کیا گیا ہوگا یا پھر وہاں پر واٹس ایپ پر پابندی ہوگی، وہاں کے لوگ مذکورہ فیچر کے تحت آسانی سے واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔
اس فیچر کے تحت واٹس ایپ خود انٹرنیٹ فراہم نہیں کرے گا بلکہ دنیا کی مختلف فلاحی تنظیموں کی جانب سے بنائے گئے پراکسی نیٹ ورک سرور مفت انٹرنیٹ فراہم کریں گے۔
پراکسی انٹرنیٹ سرور نہ صرف انٹرنیٹ فراہم کریں گے بلکہ یہ واٹس ایپ پر پابندی کے باوجود اسے وہاں چلانے کے قابل بنائیں گے۔
دنیا کی متعدد فلاحی اور انسانی حقوق تنظیموں نے مفت پراکسی انٹرنیٹ سرور بنا رکھے ہیں جو کہ دنیا بھر کے ممالک کو مفت انٹرنیٹ اور دیگر سروسز فراہم کر رہے ہیں۔
مذکورہ پراکسی انٹرنیٹ سروسز مفت ہوتے ہیں اور یہ انٹرنیٹ کنیکشنز کے بغیر ہی کام کرتے ہیں مگر ایسے سرورز کے لیے صارفین کو پہلے معلومات حاصل کرنی پڑے گی۔
پراکسی سپورٹ فیچر کیسے آن کریں؟
عام طور پر مذکورہ فیچر ان ہی علاقوں میں کام کرے گا، جہاں حکومت یا انتظامیہ کی طرف سے انٹرنیٹ کی بندش کی گئی ہوگی اور وہاں واٹس ایپ پر بھی پابندی ہوگی۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اپنی واٹس ایپ سیٹنگ میں جانا ہوگا۔
واٹس ایپ سیٹنگ کے بار کو کلک کرنے کے بعد ’اسٹوریج اینڈ ڈیٹا‘ کو کلک کرنا ہوگا، جہاں بالکل آخر میں ’پراکسی سیٹنگ‘ کا آپشن ہوگا۔