مظفرآبادآزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے توجہ دلاو نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آمدہ مردم شماری میں کشمیریوں اورکشمیری مہاجرین کا خصوصی خانہ شامل کیا جائے، حکومت آزادکشمیر اس حوالے سے حکومت پاکستان سے بات کرے، ہم بھی ساتھ جانے کو تیار ہیں۔سینئرموسٹ وزیرحکومت خواجہ فاروق احمد نے توجہ دلاو نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مردم شماری کے پرفارمہ میں کشمیریوں کا الگ خانہ ہونا چاہیے،یہ قومی مسئلہ ہے، مہاجرین کا بھی ریاست کے ساتھ تعلق رہنا نہایت ضروری ہے۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید نے سابق وزیراعظم کے توجہ دلاو نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی اہم معاملہ ہے، ہم نے کوشش کی تھی کہ مردم شماری کے پروفارمہ میں کشمیریوں کا خصوصی خانہ شامل کیا جائے، اس معاملہ پر ایوان سے متفقہ قرارداد جانی چاہیئے۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ اس معاملے پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا، مردم شماری کے پروفارمہ میں تارکین وطن کا شمار بھی ہونا چاہیئے۔ ڈائسپورہ کے ووٹ کا بھی ایشو ہے۔ ممبر اسمبلی جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ مردم شماری کے پرفارمہ میں کشمیری زبانوں کا بھی خانہ رکھا جائے۔ ممبر اسمبلی احمد رضا قادری نے کہا کہ نادرا میں کشمیریوں کے حوالہ سے جو خانہ موجود ہے اس شق پر سختی سے عمل نہیں ہورہا۔اس موقع پر سپیکرقانون ساز اسمبلی چوہدری انوار الحق نے آمدہ مردم شماری کے پرفارمہ میں کشمیریوں کیلئے الگ خانہ شامل کرنے کے حوالہ سے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی جو یہ معاملہ حکومت پاکستان سے اٹھائے گی۔ کمیٹی میں حکومت کی طرف سے وزراء حکومت چوہدری محمد رشید،دیوان علی خان چغتائی، عبدالماجد خان، چوہدری مقبول گجر،حافظ حامد رضا ممبرہوں گے جبکہ اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی ممبران میں میاں عبدالوحید، راجہ محمد صدیق خان اور احمد رضا قادری شامل ہیں۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے توجہ دلاو نوٹس پر گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ دنوں کیڈٹ کالج مظفرآباد سے طالبعلم کی گمشدگی کا معاملہ ایوان میں اٹھایا۔ توجہ دلاو نوٹس پر سپیکر قانون ساز اسمبلی نے حکومت کو معاملہ کی تفصیلات اور اب تک کی پیش رفت ایوان میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سینٹرل جیل مظفرآباد کی کیپسٹی کم ہے اس لیے ضروری ہے کہ ضلع جہلم ویلی اور نیلم میں جیلوں کا قیام عمل میں لایا جائے۔ سینٹرل جیل مظفرآباد میں سیکورٹی فورسز کی تعداد بڑھائی جائے اور سیکورٹی کو مزید موثر بنایا جائے۔ سینئر وزیر خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ سینٹرل جیل ماڈل جیل ہے جہاں سیکورٹی کا کوئی ایشو نہیںق۔ قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ معذور افراد کے کوٹہ بڑھایا جائے اور مختص کوٹہ پر عملدرآمد کروایا جائے۔ سپیکر نے رولنگ دی کہ معذور افراد کے کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کمیٹی قائم