میرپور وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاست کوصنعتی اور معاشی اعتبار سے پاکستان بھر میں مثالی بنانےکیلئےجامع حکمت عملی سے روڈ میپ پر کام کر رہے ہیں اچھے مستقبل کے لیے ہمیں آج سخت محنت کرنی ہے ۔دستیاب وسائل اور افرادی قوت کو ایمانداری اور درست طریقے سے بروئے کار لانا ہوگا ۔میرپور شہر اسلام آباد کے بعد جدید ترین اور منصوبہ بندی کے تحت آباد ہوا ہے اس کی بڑی آبادی بیرون ملک آباد ہے یہاں کا انفراسٹرکچر بین الاقوامی معیار کا ہونا چاہیے ۔تارکین وطن ہمارا اثاثہ ہیں ان کے لیے صنعت اور سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے ۔رٹھوعہ ہریام برج کی تکمیل میں بڑی رکاوٹیں دور ہوچکی ہیں ۔فنڈز ، ورک فورس، کنسلٹنٹ جیسے معاملات تکنیکی طور پر تقریباً حل کر لیے ہیں آنے والے مہینوں میں شہریوں کو مزید خوشخبری دیں گے ۔قبضہ مافیا کے سخت خلاف ہوں یہ مافیا ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔انتظامیہ قبضہ مافیا کے خلاف قانونی کارروائی جاری رکھے ۔خواتین کے اداروں میں ہرگز مردانہ سٹاف تعینات نہ کیا جائے اس کی نہ تو قانون میں اجازت ہے اور نہ ہی یہ ہماری روایات کے مطابق ہے ۔سب انتظامی افسران یکساں اہمیت کے حامل ہیں ۔مجھے فعال اور لائق افسران عزیز ہیں جو ریاست کی ترقی اور قانون کے مطابق امور سلطنت کو چلائیں ۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے میرپور ڈویژن کے دو روزہ اہم دورہ کے دوران آزادکشمیر بھر کے جملہ ترقیاتی و غیر ترقیاتی محکموں کی پراگرس کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔یہ جائزہ اجلاس آزاد کشمیر میں اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جس میں آزاد کشمیر کے وزراء حکومت،معاونین خصوصی مشیران،سیکرٹریز،ڈائریکٹر جنرلز،جملہ محکمہ جات کے ڈویژنل و ضلعی سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی ۔ جائزہ اجلاس میں وزیراعظم آزاد کشمیر کے احکامات پر عملدرآمد اور آزاد کشمیر بھر میں ترقیاتی منصوبہ جات کی پراگرس رٹھوعہ ہریام برج، پی ایم یو کے منصوبوں،سڑکات،سرکاری بلڈنگ کی معیاری تعمیرات،آٹا کی سمگلنگ کی روک تھام،آزاد جموں وکشمیر بینک میں سرکاری اداروں کے اکاؤنٹ کھولنے،عطائی اور جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے،ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کی فراہمی سمیت دیگر کئی اہم ایشوز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم نے جملہ متعلقہ سیکرٹریز اور سربراہان محکمہ جات کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے اداروں کے متعلق پراگرس کو تیز کریں ترقیاتی عمل میں سستی لا پروائی نہیں ہونی چاہیے منصوبہ جات اندر میعاد مکمل کیے جائیں اس حوالے سے جائزہ اجلاس ڈویژن کی سطع پر منعقد کیے جائیں۔میرپور میں چار سے پانچ ہزار کنال رقبہ پر بین الاقوامی معیار کے مطابق پبلک پارک تعمیر کیا جائے جو اوورسیز کے معیار کے مطابق ہو جتنی زیادہ سہولیات یہاں ہونگی اتنے زیادہ اوورسیز کشمیری اور ان کے بچے یہاں آئیں گے جس سے ٹورازم کو فروغ مل سکتا ہے۔سرکاری رقبہ جات پر قبضہ کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔میرپور بین الاقوامی نوعیت کا شہر ہے اس کی خوبصورتی،صفائی وستھرائی نظر آنی چاہیے۔شہروں میں پبلک ٹوائلٹس تعمیر کیے جائیں۔تھانوں میں ان لائن ایف آئی آر سمیت دیگر لوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات دیں۔جائزہ اجلاس میں وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے جملہ سرکاری اداروں کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے سرکاری اکاؤنٹس بینک آف آزاد جموں وکشمیر میں کھلوائیں تاکہ ریاست کے اس بینک کو شیڈول بنایا جاسکے۔وزیر اعظم نے جائزہ اجلاس میں بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ محکمہ زراعت کو 5سے 10ہزار کنال اراضی فراہم کریں جہاں ماڈل زرعی فارم،بھیڑ بکریوں کے لیے فارم،ڈیری فارم،سبزیاں اگانے جیسے منصوبے شروع ہوسکیں۔ آزاد کشمیر بھر کے تمام شہروں میں شہریوں کی سہولت کے لیے پبلک ٹوائلٹس تعمیر کیے جائیں گے۔دریں اثناء وزیراعظم تنویر الیاس نے میرپور میں ڈرائی پورٹ کے منصوبے کی جلد تکمیل کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی اجلاس میں بتایا گیا کہ اس منصوبہ کے لئے رواں مالی سال میں آزاد کشمیر کے ترقیاتی بجٹ سے 21 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جس سے 100 کنال رقبہ پر مشتمل اس منصوبہ کے لئے ابتدائی سٹرکچر اور ملحقہ سہولیات قائم کی جائیں گی اس منصوبہ کا سنگ بنیاد گزشتہ سال اگست میں رکھا گیا تھا۔قومی نوعیت کا حامل یہ منصوبہ گزشتہ کئی عشروں سے زیر التواء تھا۔وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان پرعزم ہیں کہ وہ کم سے کم مدت میں جلد از جلد اس منصوبہ کو مکمل کروا کر ڈارئی پورٹ کودو ماہ میں فنکشنل کروائیں گے۔اس موقع پر وزراء حکومت عبد الماجد خان،چوہدری یاسر سلطان، چوہدری مقبول گجر،چوہدری رشید، چیئرمین سی بی آر راجہ امجد پرویز خان، سیکرٹری صنعت وجاہت رشید بیگ ،کمشنر چوہدری شوکت علی ،ڈپٹی کمشنر چوہدری امجدا قبال کے علاوہ چیمبر آف کامرس کے سابق صدر چوہدری جاوید اقبال اور محکمہ صنعت کے افسران بھی موجود تھے۔تاریخی منصوبہ کی تکمیل سے میر پور سے اندرون ملک اور بیرون ممالک تجارت آسان ہوگئی اور آزاد کشمیر کے قومی خزانے میں ڈرائی پورٹ کے قیام سے اربوں روپے کی سالانہ آمدن ہوگی۔ ٹیکس اہداف کی مد میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگا۔یہ منصوبہ آزادکشمیر کی آنے والی نسلوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نئے نئے کاروبار بھی متعارف ہونگے۔ وزیر اعظم سے آزادجموں وکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے وفد نے صدر چیمبر آف کامرس سید صابر حسین شاہ کی قیادت میں ملاقات کی۔وزیر اعظم نے صنعتکاروں کےمسائل سنے۔وزیراعظم نے صنعتکاروں کو یقین دہانی کروائی کہ میرپور ڈرائی پورٹ 2ماہ میں فنکشنل ہو جائے گا۔صنعتی مراعات کے پیکج کا نوٹیفکیشن 15دنوں میں ہو جائےگا ، ایک ہفتہ میں صنعتکاروں کے ریفنڈ کیسز یکسو ہو جائیں گے ، بیمار صنعتی یونٹ فعال کیے جائیں گے،نئی صنعتوں کے لیے ارزاں نرخوں پر پلاٹ ،خصوصی مراعات اورٹیکسز میں رعایت دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کے قیام کے لیے ون ونڈو کی سہولت فراہم کریں گے جہاں محکمہ صنعت و حرفت ، سی بی آر ، ماحولیات اور دیگرمحکموں کےمتعلقین موجود ہوں گے۔ صنعتکاروں کو ایک ہی جگہ سے تمام این او سی حاصل ہوسکیں۔صنعتوں پر لگے ہوئے ٹیکسز کا جائزہ لے کر فیصلہ کریں گے۔انھوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ ریفنڈ کے کیسز ایک ہفتہ میں شروع ہو جائیں گے ۔میرپور میں صنعتکاروں کی سہولت کے لیے ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کی جائیگی ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان سے اے جے کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی صابر حسین شاہ کی قیادت میں پی دبلیو ڈی ریسٹ ہائوس میرپور میں ملاقات۔ صدر چیمبر نے وزیر اعظم سے کہا کہ آزاد کشمیر میں Sick Unitsکی بحالی اور موجودہ اور نئے صنعتی یونٹس کے لیے مراعات کا اعلان کیا جائے ۔ پولیتھین بیگ کے حوالے سے صدر چیمبر نے کہا کہ پولیتھین بیگز پر پابندی ایک خوش آئند اقدام ہے لیکن فوری طور پر پابندی لگانا تاجروں کے ساتھ زیادتی ہوگی اس کو مرحلہ وار ختم کیا جائے تاکہ تاجروں کی انویسٹمنٹ ضائع نہ ہو۔ صدر چیمبر نے مزید کہا کہ ایجوکیشن سیس صرف آزاد کشمیر میں لاگوء ہے اس کو فوری طور پر ختم کیا جائے ۔انڈسٹری ایریا میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ انڈسٹری کا نقصان نہ ہو اور انڈسٹری ایریا کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے استثنی دیا جائے۔ صنعت کاروں کے Refundsکے پراسیس کو تیز کیا جائے ۔ سٹیل اور فوم انڈسٹری کو نیگیٹو لسٹ سے نکالا جائے۔ صدر چیمبر نے وزیر اعظم کی توجہ رٹھوعہ ہریام پل کی طرف دلاتے ہوئے کہا کہ اس کو فوری طور پر مکمل کیا جائے جو گزشتہ کئی سالوں سے تعطل کا شکار ہے۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ معاشی پالیسیاں بناتے وقت بزنس کمیونٹی اور چیمبر کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ اس ضمن میں انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل پیکج کے لیے چیمبر اپنی تجاویز تحریری صورت میں ہمیں بھجوائے اور ہم ان تجاویز کو انڈسٹریل پیکج کا حصہ بنائیں گے او ر اس کے مطابق قانون سازی بھی کریں گے۔ایجوکیشن سیس کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے اس کو ختم ہونا چاہیے۔ میرپور انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر کا آفس بنایا جائے تاکہ میرپور کے صنعت کاروں کے انڈسٹری سے متعلقہ مسائل کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔چیمبر وفد میں سینئر نائب صدر چوہدری کاشف نذیر بجاڑ ، نائب صدر راجہ محمد اشفاق رٹوی کے علاہ سابق صدور چوہدری جاوید اقبال، ذولفقار عباسی، سہیل شجاع مجاہد ، چوہدری اللہ دتہ ، راجہ خالد محمود خان، واجدرسول میر ،چیئرمین آڈٹ ،ممتاز رسول میر،عابد حسین، سلیم الدین خان اور نشاط احمد شامل تھے۔
وزیر اعظم تنویر الیاس