مظفرآباد(وائس آف کشمیر نیوز 2
کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان کی زیر صدارت مظفرآباد، نیلم اور جہلم ویلی میں تجاوزات کے خاتمہ کے حوالہ سے اجلاس جمعہ کے روز کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفرآباد راجہ طاہر ممتاز، ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سید فدا کاظمی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر صداقت خان، ڈپٹی ڈائریکٹر NHAاسد شبیر، ایکسیئن فزیکل ہاوسنگ و پلاننگ عمران مختارو دیگر محکمہ جات کے نمائندگا ن نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہروں اور شاہراہوں کے گرد ہونے والی تجاوزات کا عدالت العظمیٰ اور وزیراعظم کی ہدایت پر فوری خاتمہ شروع کیا جائے گاجبکہ غیر قانونی اڈوں، رانگ پارکنگ اور ریڑھی بانوں کے خلاف بھی تحت قانون سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر، نمائندگان نیشنل ہائی ویز اتھارٹی، محکمہ شاہرات، بلدیہ، ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے تجاوزات اور ان کو ہٹانے کے حوالہ سے درپیش مسائل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان نے کہا کہ تجاوزات اور خالصہ سرکارپر قبضہ کسی صورت بر داشت نہیں کیا جائے گا۔ مظفرآباد ڈویژن کے تینوں ڈپٹی کمشنرز تاجروں، لوکل کمیونٹی اور بلدیاتی نمائندگان کے ساتھ مل کر تجاوزات کے فوری خاتمہ کے اقدامات کریں تاکہ بازار اور سڑکیں تجاوزات سے آزادکروائی جا سکیں اور شہروں کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں کوہالہ روڈ، سرینگر روڈ اور دیگر مرکزی شاہراہوں کے تجاوزات کے خاتمہ کا آپریشن شروع کیا جائے۔ اس حوالہ سے کسی سے بھی کوئی رعایت نہ برتی جائے اور قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری سماجی ذمہ داری بھی ہے کہ تجاوزات کے خلاف جہاں نشاندہی ہو فوری ایکشن لیا جائے۔ تمام متعلقہ محکمہ جات اس حوالہ سے انتظامیہ کے ساتھ ہمہ وقت کوآرڈینیشن کو یقینی بنائیں تاکہ جلد از جلد ایکشن لیا جاسکے۔ کمشنر نے کہا کہ سپریم کورٹ اور حکومت نے تجاوزات کے خاتمہ کے لیے واضح ہدایات دے رکھی ہیں۔ اب انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔ ایڈیشنل کمشنر مظفرآباد تجاوزات کے خلاف آپریشن کے لیے فوکل پرسن ہوں گے اور اس حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر پراگریس کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ہم تجاوزات کا خاتمہ یقینی نہیں بنا لیتے، بازاروں اور شاہراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ نہیں ہو سکتااور حادثات بھی پیش آنے کا خدشہ ہے۔ اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیا جائے اور فیلڈ آفیسران کارروائی کر کے رپورٹ کریں۔