غذائی اجناس اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا—فائل/فوٹو: ڈان
ملک میں اشیا کے قیمتوں کا جائزہ لینے والے حساس پرائس انڈیکس (ایس پی آئی) کے مطابق مختصر مدتی مہنگائی سال بہ سال کی بنیاد پر 16 فروری کو ختم ہونے والے ہفتے میں غذائی اجناس اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 38.42 فیصد پر پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق غذائی اشیا اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے ہفتہ وار مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے سال بہ سال کی بنیاد پر ہفتہ وار مہنگائی 34.83 فیصد رہی تھی۔
ایس پی آئی کے تحت ہفتہ بہ ہفتہ کی بنیاد پر گزشتہ ہفتوں میں 0.17 فیصد اضافے کے مقابلے میں 2.89 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
عارف حبیب لمیٹڈ کے مطابق 27 اکتوبر کے بعد یہ ہفتہ وار ہونے والا سب سے زیادہ اضافہ ہے۔https://www.dawnnews.tv/news/card/1197255
ایس پی آئی ملک بھر کے 17 شہروں میں 50 مارکیٹوں کے سروے کی بنیاد پر 51 بنیادی اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیتا ہے، زیر جائزہ ہفتے کے دوران 34 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 5 کی قیمتوں میں کمی اور 12 اشیا کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔